سندھی زبان سے متعلق بیان غلط تھا، نصیر الدین شاہ کا اعتراف

ویب ڈیسک  جمعرات 8 جون 2023
فوٹو فائل

فوٹو فائل

 ممبئی: بھارت کے سینئر اور معروف اداکار نصیر الدین شاہ نے سندھی زبان سے متعلق بیان پر غلطی کا اعتراف کرلیا۔

واضح رہے کہ نصیر الدین شاہ کا سوشل میڈیا پر انٹرویو کا مختصر کلپ وائرل ہوا تھا، جس میں انہوں نے کہا تھا کہ پاکستان میں بلوچی، دری اور دیگر زبانیں بولی جاتی ہیں جبکہ سندھی اب نہیں بولی جاتی۔

اداکار کو اس بیان پر پاکستانی صارفین اور شوبز شخصیات نے آڑے ہاتھوں لیا اور تنقید بھی کی۔

اب نصیر الدین شاہ نے اپنے سندھی سے متعلق بیان پر غلطی کا اعتراف کرتے ہوئے کہا کہ ’ایسا لگتا ہے کہ میرے دو بیانات کی وجہ سے ایک نیا تنازع کھڑا ہوگیا ہے، جس میں ایک بیان پاکستان میں سندھی زبان سے متعلق تھا‘۔

انہوں نے اعتراف کیا کہ ’اس معاملے پر میں غلط تھا‘۔

نصیر الدین شاہ نے کہا کہ میرا دوسرا بیان فارسی اور مراٹھی زبان کے درمیان تعلق سے تھا، جس کا مطلب غلط انداز میں نکلا کیونکہ میرا کہنے کا مقصد تھا کہ مراٹھی کے بہت سارے الفاظ فارسی میں بھی شامل ہیں۔

اداکار نے کہا کہ میرا مقصد مراٹھی زبان کو ختم کرنا نہیں تھا بلکہ یہ بتانا تھا کہ تنوع کس طرح تمام ثقافتوں کو تقویت دیتا ہے اردو خود ہندی فارسی ترکی اور عربی کا مرکب ہے۔

انہوں نے کہا کہ انگریزی نے بھی یورپین زبان سے الفاظ لیے ہیں جو ہندوستانی زبان مین شامل نہیں اور میں یہ سمجھتا ہوں کہ زمین پر بولی جانے والی ہر ایک زبان کی حقیقت ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔