کراچی ڈکیتی مزاحمت اور فائرنگ کے واقعات میں 4 افراد جاں بحق 3 زخمی

ٹیکسی ڈرائیور فلائٹ منسوخ ہونے پر عمرہ عازمین کو گھر واپس چھوڑنے آیا تھا، مزاحمت پر ڈاکو گولی مار کر فرار ہوگئے


Staff Reporter August 26, 2023
(فوٹو: فائل)

شہر قائد میں ڈکیتی کے دوران مزاحمت پر فائرنگ سے قتل کیے جانے کے واقعات مسلسل جاری ہیں۔ تازہ واقعے میں ایک ٹیکسی ڈرائیور کو زندگی سے محروم کردیا جب کہ دیگر واقعات میں 3 افراد جاں بحق اور 3 زخمی ہو گئے۔

نیوکراچی ڈیکاموڑکےقریب ڈکیتی کی واردات کے دوران مزاحمت پرڈاکوؤں نےفائرنگ کرکے ٹیکسی ڈرائیورکوقتل کردیا جبکہ ٹیکسی میں سوارمسافرمحفوظ رہے۔ ہفتےکی علی الصبح بلال کالونی تھانے کی حدود میں موٹرسائیکل سوارنامعلوم مسلح ملزمان کی فائرنگ سے ٹیکسی ڈرائیور45 سالہ ممتاز ولد اسحاق سرپرگولی لگنے سے شدید زخمی ہوگیا جسے تشویشناک حالت میں عباسی شہید اسپتال منتقل کیا گیا جہاں وہ دم توڑ گیا۔

مقتول ٹیکسی ڈرائیور ائرپورٹ گرین ٹاؤن کا رہائشی تھا۔ پولیس کے مطابق مقتول ٹیکسی ڈرائیورعمرے کی ادائیگی کیلیے سعوعی سعودی عرب جانے والی فیملی کی پرواز منسوخ ہونے پرانہیں واپس ان کی رہائش گاہ لے جا رہا تھا کہ نیوکراچی ڈیکا موڑکے قریب موٹر سائیکل سوار2 نامعلوم مسلح ملزمان نے اسلحہ کے زور پرٹیکسی روک کر لوٹ مار کی کوشش کی۔

دوران واردات ٹیکسی ڈرائیور نے مزاحمت کی، جس پر مسلح ملزمان فائرنگ کرکے فرار ہو گئے۔ فائرنگ سے مقتول کے سر پرایک گولی لگی اور وہ شدید زخمی ہوگیا، جسے فوری طور پر عباسی شہید اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں وہ دوران علاج دم توڑگیا ۔ ایس ایچ اونے بتایا کہ پولیس نے جائے وقوع سے شواہد اکٹھا کرکےواقعے کی تفتیش شروع کردی ہے اورجائے وقوع کے ارد گرد لگے سی سی ٹی وی کیمروں کی فوٹیج حاصل کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے تاکہ ملزمان کا سراغ لگانے میں مدد مل سکے۔

دریں اثنا لانڈھی شیرپاؤ کالونی میں نامعلوم مسلح ملزمان فائرنگ کرکے دودھ خریدتے ہوئے ایک شخص کو قتل کردیا۔ ہفتے کی علی الصبح قائد آباد تھانے کی حدود سیکٹرایف ون عثمانیہ اسکول والی گلی خالد ملک شاپ کے باہر فائرنگ سے30 سالہ نامعلوم شخص جاں بحق ہوگیا، جس کی لاش قانونی کارروائی کے لیے جناح اسپتال منتقل کی گئی۔

فوری طورپرمقتول کی شناخت ممکن نہیں ہوسکی۔ واقعہ بظاہر ذاتی دشمنی کا شاخسانہ معلوم ہوتا ہے۔ پولیس تمام پہلوؤں کو پیش نظر رکھتے ہوئے تحقیقات کررہی ہے۔

علاوہ ازیں ڈاکس مچھرکالونی میں ڈکیتی مزاحمت پر نامعلوم مسلح ملزمان کی فائرنگ سے ایک شخص زخمی ہو گیا۔ ایک اور واقعے میں لیاقت آباد سندھی ہوٹل کے قریب نامعلوم سمت سے آنے والی گولی لگنے سے ایک شخص زخمی جب کہ گلشن اقبال میں جھگڑے کے دوران فائرنگ سے ایک اور شخص زخمی ہوگیا۔

ایک اور واقعے میں شاہراہ فیصل لال کوٹھی کے قریب پاکستان پوسٹ آفس کے دفترمیں سکیورٹی گارڈنے خود کو گولی مارکرخود کشی کرلی۔ فیروزآبادتھانے کی حدود میں پیش آنے والے واقعے میں سکیورٹی گارڈ32 سالہ غلام یاسین ولد نواب علی جاں بحق ہوگیا جس کی لاش قانونی کارروائی کے لیے جناح اسپتال منتقل کی گئی۔ بظاہر لگتا ہے کہ متوفی نے گھریلو پریشانیوں سے تنگ آکرخود کشی کی ہے ۔پولیس نے واقعے کی تفتیش شروع کردی ہے۔

دریں اثنا سپر ہائی وے پنجاب بس اڈے کے قریب واقع خالی پلاٹ میں پانی کی موٹر سے کرنٹ لگنے سے ایک شخص جاں بحق ہوگیا۔

مقبول خبریں