محب مرزا کو صنم سعید سے محبت کب ہوئی؟ اداکار نے بتادیا

ویب ڈیسک  اتوار 1 اکتوبر 2023
محب مرزا نے صنم سعید سے اپنی محبت کے بارے میں بتادیا: فوٹو ویب ڈیسک

محب مرزا نے صنم سعید سے اپنی محبت کے بارے میں بتادیا: فوٹو ویب ڈیسک

  کراچی: پاکستان شوبز انڈسٹری کے معروف اداکار محب مرزا نے صنم سعید سے ہونے والی اپنی محبت کے بارے میں بتا دیا ہے۔

اداکارہ آمنہ شیخ سے طلاق کے بعد محب مرزا نے اپنی ساتھی اداکارہ صنم سعید کے ساتھ  دوسری شادی کی، ان کی شادی کو کچھ عرصے کے لیے خفیہ رکھا گیا تھا تاہم انہوں نے رواں سال باضابطہ طور پر اپنی شادی کی تصدیق کر دی تھی۔

حال ہی میں محب مرزا نے اپنی اہلیہ صنم سعید کے ساتھ محبت میں گرفتار ہونے کے بارے میں اپنے جذبات کو کھل کر بیان کیا۔

محب مرزا کے ٹی وی شو ‘دی ناک ناک’ میں ندا یاسر اور شائستہ لودھی نے بطورِ مہمان شرکت کی جس میں ندا یاسر نے اداکار سے سوال کیا کہ ‘اُنہیں صنم سعید سے محبت کب ہوئی؟’

اس سوال کے جواب میں محب مرزا نے کہا کہ ‘جب، میں اور صنم سعید اپنے ڈرامہ سیریل ‘دین’ کی شوٹنگ کررہے تھے تو اسی دوران میرے دل میں صنم کے لیے محبت بھرے جذبات پیدا ہوئے’۔

محب مرزا نے مزید کہا کہ ‘صنم کے اونچے قد کی وجہ سے مجھے اُن سے بات کرتے ہوئے نیچے نہیں دیکھنا پڑ رہا تھا، سب کچھ بہت اچھا تھا اور مجھے اُن سے محبت ہوگئی تھی’۔

مزید پڑھیں: صنم سعید اور محب مرزا نے شادی کی تصدیق کردی

واضح رہے کہ رواں سال مارچ میں محب مرزا اور صنم سعید نے اپنی شادی کی خبر کی تصدیق نجی ٹی وی چینل میں فہد مصطفیٰ کے شو میں کی تھی۔

فہد مصطفیٰ نے جوڑے سے کہا تھا کہ اگر انہیں شادی کی مبارکباد دی جائے تو انہیں اعتراض تو نہیں ہوگا جس پر محب مرزا نے سر ہلا کر اجازت دے دی تھی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔