سرکاری اہل کار بن کر ڈکیتیاں کرنے والے گروہ کے 2 ارکان گرفتار

ملزمان کے خلاف 9 سے زائد مقدمات درج ہیں، گروہ کے دیگر 4 ارکان کی گرفتاری کے لیے پولیس کے چھاپے جاری


Staff Reporter November 17, 2023
ملزمان کئی وارداتوں میں طلائی زیورات، نقدی، موبائل فونز اور دیگر قیمتی سامان لوٹ چکے ہیں

خود کو سرکاری اہل کار ظاہر کرکے گھروں میں ڈکیتیاں کرنے والے گروہ کے 2 ارکان کو گرفتار کرلیا گیا۔

سرجانی ٹاؤن پولیس نے تکنیکی بنیادیوں پرکارروائی کرتے ہوئے خود کو سرکاری اہلکارظاہرکرکے گھروں میں ڈکیتیاں کرنے والے گروہ کے 2 ملزمان کو گرفتار کرلیا اور ان کے قبضے سے غیرقانونی اسلحہ،طلائی زیورات،موبائل فونز،پرس،ایل سی ڈی اوردیگر سامان برآمد کرلیا۔

ڈکیت گروہ 6 ارکان پر مشتمل ہے، جن میں سے 2 ملزمان ارباز اور جنید سرائیکی کو پولیس نے گرفتار کرلیا۔ پولیس کے مطابق گرفتارملزمان اپنا حلیہ تبدیل کرکے وارداتیں سرانجام دیتے تھے، جنہوں نے ابتدائی تفتیش میں متعدد وارداتوں میں ملوث ہونے کا انکشاف کیا ہے۔

گرفتارملزمان 2 نومبرکوعلی محمد گوٹھ لیاری 36 سرجانی میں اپنے ساتھیوں کے ہمراہ ایک گھرمیں داخل ہوئے اور اسلحہ کے زور پرشہری جمشید اوراس کے10 سالہ بیٹے کے ہاتھ پیر رسیوں سے اورآنکھوں پرپٹی باندھ کرایک کمرے میں بند کردیا جب کہ اہل خانہ کواسلحہ دکھا کر الماریوں سے طلائی زیورات،لائسنس یافتہ 30 بورپستول،80ہزارروپے اورڈبہ پیک موبائل فون لوٹ کرفرارہوگئے تھے۔

19 ستمبر کو ملزمان سرجانی اجمیرگوٹھ میں عبدالخالق نامی شہری کے گھرمیں داخل ہوئے اورخود کو سرکاری اہلکار ظاہرکرکے فیملی کو یرغمال بنا کرطلائی زیورات اور نقدی لوٹ کر فرارہوگئے۔

16 فروری کو ملزمان نے سرجانی یارو خان گوٹھ میں نورجہاں نامی خاتون کے گھر میں گھس کرخود کوپولیس اہلکارظاہرکیا اورگھرمیں موجود افراد کو ایک کمرے میں بند کرنے کے بعد الماریوں سے طلائی زیورات،نقدی ،موبائل فونزاورقیمتی سامان لوٹ کرفرارہوگئےتھے۔

30 اگست کوگرفتارملزمان نے سرجانی ٹاؤن کے علاقے گڈوگوٹھ میں اپنے ساتھیوں کے ساتھ مل کر بشارت نامی شہری کے گھرمیں داخل ہوکر اسلحہ کے زورپر الماری میں رکھی 5 لاکھ روپے کی رقم،2تولہ سونا اور موبائل فون لوٹ کرفرار ہوئے گئے تھے۔

ملزمان کے خلاف سرجانی ٹاؤن،پاکستان بازارتھانے میں9 سے زائد مقدمات درج ہیں۔ پولیس ملزمان کے دیگر 4 ساتھیوں کی گرفتاری کے لیے چھاپے مار رہی ہے۔

مقبول خبریں