ایف آئی اے نےالیکشن کمیشن سےطاہر القادری کےاثاثوں کی تفصیلات طلب کرلیں

طاہر القادری جب ایم این اے تھے تو اس وقت انھوں نے جو اثاثے ظاہر کئے تھےان کی تفصیلات بھی فراہم کی جائیں، ایف آئی اے


ویب ڈیسک June 26, 2014
ایف آئی اے طاہر القادری اور ان کی جماعت کے اثاثوں کی تفصیلات کی چھان بین کر رہا ہے. فوٹو:فائل

وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) نے الیکشن کمیشن نے منہاج القرآن کے سربراہ ڈاکٹر طاہر القادری اور ان کی سیاسی جماعت پاکستان عوامی تحریک کے اثاثوں کی تفصیلات طلب کر لی ہیں۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق ایف آئی اے نے الیکشن کمیشن کو ڈاکٹر طاہر القادری اور ان کی سیاسی جماعت پاکستان عوامی تحریک کے اثاثوں کی تفصیلات کے لئے ایک خط لکھا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ ایف آئی اے ڈاکٹر طاہر القادری اور ان کی جماعت کے اثاثوں کی تفصیلات کی چھان بین کر رہا ہے اسلئے ان کے اثاثوں کی تمام تر تفصیلات ادارے کو فراہم کی جائیں۔ اس کے علاوہ ایف آئی اے نے کہا ہے کہ ڈاکٹر طاہر القادری جب ممبر قومی اسمبلی تھے تو اس وقت انھوں نے اپنے جو اثاثے ظاہر کئے تھے ان کی تفصیلات بھی فراہم کی جائیں۔

الیکشن کمیشن نے ایف آئی اے کی جانب سے لکھے گئے خط کا جائزہ لینا شروع کر دیا ہے جس کے بعد اس بات کا فیصلہ کیا جائے گا کہ آیا طاہر القادری اور ان کی جماعت کے اثاثوں کی تمام تر تفصیلات ایف آئی اے کو فراہم کر دی جائے یا پھر اس کے لئے کوئی دوسرا طریقہ اپنایا جائے۔

واضح رہے کہ ڈاکٹر طاہر القادری 4 روز قبل ہی کینیڈا سے حکومت مخالف تحریک چلانے پاکستان آئے ہیں اور ان کا کہنا ہے کہ وہ ملک کو چور، لٹیروں اور سیاسی آمروں سے نجات دلا کر ہی دم لیں گے۔

مقبول خبریں