ابوظہبی فنڈ برائے ترقی کے ڈائریکٹر جنرل کو اعلیٰ سول اعزاز ‘ہلال قائداعظم’ سے نواز دیا گیا

نائب وزیراعظم اور وزیرخارجہ اسحاق ڈار نے یہ اعزاز صدر پاکستان کی جانب سے محمد سیف السویدی کو باضابطہ طور پر پیش کیا


ویب ڈیسک June 24, 2025
فوٹو: ترجمان دفترخارجہ

اسلام آباد:

نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے متحدہ عرب امارات(یو اے ای) کے ابوظہبی فنڈ برائے ترقی کے ڈائریکٹر جنرل محمد سیف السویدی کو پاکستان کے اعلیٰ سول اعزاز ‘ہلالِ قائداعظم’ سے نوازا۔

ترجمان دفترخارجہ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق ابوظہبی فنڈ برائے ترقی کے ڈائریکٹر جنرل محمد سیف السویدی کو یہ اعزاز حکومت پاکستان کی جانب سے پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے درمیان دوطرفہ تعاون کو فروغ دینے میں ان کی غیرمعمولی خدمات کے اعتراف میں دیا گیا۔

نائب وزیراعظم اور وزیرخارجہ اسحاق ڈار نے یہ اعزاز صدر پاکستان کی جانب سے محمد سیف السویدی کو باضابطہ طور پر پیش کیا۔

بیان میں کہا گیا کہ محمد سیف السویدی کی قیادت میں ابوظہبی فنڈ نے پاکستان میں متعدد ترقیاتی منصوبوں میں سرمایہ کاری اور تعاون فراہم کیا، جس سے دونوں ممالک کے درمیان اقتصادی اور ترقیاتی شراکت داری کو مزید استحکام حاصل ہوا۔

اس موقع پر اعلیٰ حکام، سفارتی نمائندگان اور میڈیا کے نمائندے بھی موجود تھے، اعزاز کے بعد دونوں فریقین نے پاکستان-متحدہ عرب امارات تعلقات کو مزید وسعت دینے کے عزم کا اعادہ کیا۔

مقبول خبریں