ٹاپ اینڈ ٹی ٹوئنٹی کے پندرہویں میچ میں پاکستان شاہینز نے میلبرن رینیگیڈز اکیڈمی کو 73 رنز سے شکست دے دی۔
ڈارون میں کھیلے جارہے میچ میں میلبرن رینیگیڈز اکیڈمی ٹیم 179 رنز کے ہدف کے تعاقب میں 19.2 اوورز میں 105 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔جوش براؤن 36 رنز بناکر نمایاں بلے باز رہے۔
پاکستان شاہینز کی جانب سے معاذ صداقت نے 3، فیصل اکرم نے 2 جبکہ عبید شاہ، سعد مسعود، محمد وسیم اور مبصر خان نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
اس سے قبل پاکستان شاہینز نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے عبدالصمد کی ناقابل شکست سنچری کی بدولت مقررہ 20 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 178 رنز بنائے تھے۔
اوپنرز یاسر خان اور خواجہ نافع بغیر کھاتہ کھولے ہی پویلین واپس لوٹ گئے تھے۔ محمد فائق 21 اور معاذ صداقت بھی 4 رنز بناکر چلتے بنے تھے۔
55 رنز پر 4 وکٹیں گرنے کے بعد جارح مزاج بلے باز عبدالصمد نے کپتان عرفان خان کے ہمراہ 109 رنز کی پارٹنر شپ قائم کی تھی۔
عبدالصمد 110 رنز بناکر ناقابل شکست رہے تھے جبکہ عرفان خان 23 رنز بناکر آؤٹ ہوئے تھے۔