کراچی، گذری میں جھگڑے کے دوران گولیاں چل گئیں، قانون کا طالب علم جاں بحق، دو زخمی

زخمی عمران سمیت دو افراد کو جناح اسپتال سے حراست میں لیا گیا ہے، پولیس


اسٹاف رپورٹر September 05, 2025

کراچی:

شہر قائد کے پوش علاقے گزری پی این ٹی کالونی میں فائرنگ کے ایک افسوسناک واقعے میں قانون کا طالب علم خالد جاں بحق جبکہ دو افراد زخمی ہو گئے۔

پولیس کے مطابق واقعہ ذاتی جھگڑے کے دوران پیش آیا مقتول خالد، جو پی این ٹی کالونی کا رہائشی اور قانون کا طالب علم تھا، اپنے دوستوں کے بلانے پر جائے وقوعہ پر پہنچا تو فائرنگ کی زد میں آ گیا۔

جاں بحق نوجوان خالد کے والد نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہمارا کسی سے کوئی جھگڑا نہیں تھا، خالد کا کسی سے کوئی تنازع نہیں تھا۔ علاقے میں جھگڑا ہو رہا تھا، خالد کے دوست اسے بلانے آئے اور جیسے ہی وہ وہاں پہنچا، اسے گولی مار دی گئی، میرا ایک ہی بیٹا تھا، وہ بھی ظالموں نے مار دیا۔

مقتول کے والد کا مزید کہنا تھا میرا بیٹا قانون کا طالب علم تھا، اور میرا ایک ہی بیٹا تھا۔ وہ بھی ظالموں نے ہم سے چھین لیا۔ پولیس علاقے میں جرائم پیشہ افراد کو پکڑنے میں مکمل ناکام ہو چکی ہے۔

پولیس کے مطابق زخمی عمران سمیت دو افراد کو جناح اسپتال سے حراست میں لیا گیا ہے۔ واقعے کی مکمل تفتیش جاری ہے اور مزید شواہد اکٹھے کیے جا رہے ہیں۔

چھیپا ذرائع کے مطابق مقتول خالد کی میت کو ضروری قانونی کارروائی کے بعد جناح اسپتال سے چھیپا سرد خانے منتقل کر دیا گیا ہے۔

مقبول خبریں