وزیراعلیٰ سندھ کی ترکیہ کے سرمایہ کاروں کو سندھ میں سرمایہ کاری کی دعوت

وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ سے ترکیہ کے نئے قونصل جنرل ارگل کدک نے کراچی میں ملاقات کی


ویب ڈیسک September 22, 2025

وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ سے ترکیہ کے نئے قونصل جنرل ارگل کدک نے کراچی میں ملاقات کی، ملاقات میں دوطرفہ تعلقات، سرمایہ کاری اور مختلف ترقیاتی منصوبوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ پاکستان اور ترکیہ کے درمیان گہرے اور دیرینہ تعلقات ہیں، دونوں ممالک کے درمیان تجارت میں مزید اضافہ ہونا چاہیے اور اس کے لیے کوششیں جاری ہیں۔

انہوں نے ترکیہ کے سرمایہ کاروں کو سندھ میں سرمایہ کاری کی دعوت دیتے ہوئے کہا کہ صوبے میں میگا پروجیکٹس، سڑکوں، توانائی، پانی، ٹرانسپورٹ اور انفراسٹرکچر کے شعبوں میں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع موجود ہیں۔

انہوں نے کہا کہ کراچی میں جاری پبلک ٹرانسپورٹ منصوبے ترک سرمایہ کاروں کے لیے پرکشش ہو سکتے ہیں۔

قونصل جنرل ارگل کدک نے سندھ میں سرمایہ کاری میں دلچسپی ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ ترکیہ کے سرمایہ کار سندھ میں سرمایہ کاری کے خواہاں ہیں، کراچی ایک بہترین اور دوستانہ شہر ہے، یہاں کے لوگ بہت محبت سے پیش آتے ہیں۔

وزیراعلیٰ نے یقین دہانی کرائی کہ ترک سرمایہ کاروں کے ساتھ سندھ حکومت مکمل تعاون کرے گی، ملاقات کے دوران یہ طے پایا کہ سندھ کے محکمہ سرمایہ کاری کے سربراہ جلد ترکیہ کے قونصل جنرل سے ملاقات کریں گے تاکہ مشترکہ منصوبوں کو عملی شکل دی جا سکے۔

مقبول خبریں