سب سے صحت مند کوکنگ آئل" کا انتخاب کھانے کے طریقے یعنی فرائنگ، سالن، بیکنگ وغیرہ) اور صحت کے مقاصد جیسے کولیسٹرول، دل، وزن یا شُوگر وغیرہ پر منحصر ہوتا ہے۔
تاہم موجودہ سائنسی تحقیق کے مطابق کچھ تیل عمومی طور پر زیادہ مفید ہوسکتے ہیں۔
1) زیتون کا تیل
سب سے زیادہ صحت مند کوکنگ آئل زیتون کا تیل ہے جو سب سے زیادہ تجویز کردہ ہے۔ یہ دل کے لیے مفید، اینٹی آکسیڈنٹس اور وٹامن ای سے بھرپور جبکہ وزن کنٹرول میں بھی مددگار ہے۔ تاہم یہ بہت زیادہ درجہ حرارت (deep fry) پر جل سکتا ہے۔
اس کا بہترین استعمال: سلاد، ہلکی فرائنگ، گریلنگ اور سالن میں آخر میں شامل کرنا ہے۔
2. مگرناشپاتی آئل (Avocado Oil)
یہ تیل بھی کچھ حد تک زیتون کے تیل جیسی خصوصیات رکھتا ہے لیکن یہ زیادہ درجہ حرارت برداشت کرسکتا ہے۔ یہ دل، جگر اور جلد کے لیے مفید ہے۔ اس کا بہترین استعمال فرائنگ، بیکنگ اور سلاد میں شامل کرنا ہے۔
3. سرسوں کا تیل
یہ تیل اومیگا-3 اور اومیگا-6 فیٹی ایسڈز میں متوازن ہے۔ سوزش کم کرتا ہے جبکہ دیسی کھانوں میں بہترین ذائقہ بھی فراہم کرتا ہے۔ اس کا بہترین استعمال ایشیائی سالنوں میں، فرائنگ اور اچار میں ہے۔
4. ناریل کا تیل
اس تیل میں اینٹی بیکٹیریل خصوصیات ہیں۔ جلد اور آنتوں کے لیے انتہائی مفید ہے۔ تاہم ناریل کا تیل سیر شدہ چکنائی کی زیادتی رکھتا ہے جسکی وجہ سے دل کے مریضوں کو احتیاط سے استعمال کرنا چاہیے۔ اس کا بہترین استعمال بیکنگ، میٹھے یا کبھی کبھی فرائنگ ہے۔
5. کینولا آئل
یہ تیل دیگر کی بنسبت سستا، ہلکا اور اومیگا-3 کا حامل بھی ہوتا ہے۔ دل کے مریضوں کے لیے مناسب ہوتا ہے۔ یہ عام طور پر ریفائنڈ ہوتا ہے۔ اس کا بہترین استعمال روزمرہ سالن اور فرائنگ ہے۔