پاکستانی موسیقی کے معروف گلوکار عاطف اسلم اس بار اپنے گانے نہیں بلکہ ڈانس کے انداز کی وجہ سے خبروں میں ہیں۔ حال ہی میں ایک میوزک کنسرٹ کے دوران ان کی پرفارمنس کی ویڈیو وائرل ہوئی، جس میں وہ اسٹیج پر پرجوش انداز میں رقص کرتے دکھائی دیے۔
عاطف اسلم عام طور پر اپنے کنسرٹس میں زیادہ ڈانس نہیں کرتے، لیکن اس تازہ پرفارمنس میں انہوں نے اپنی توانائی اور جوش کے ساتھ اسٹیج پر منفرد انداز اپنایا۔ تاہم، شائقین نے اس ویڈیو کو دیکھ کر ان پر الزام لگایا کہ انہوں نے بھارتی پنجابی گلوکار اور اداکار دلجیت دوسانجھ کے رقص کو کاپی کیا ہے۔
سوشل میڈیا پر صارفین کا مختلف ردعمل تھا۔ بعض نے عاطف اسلم کے ڈانس کو برا قرار دیتے ہوئے کہا کہ انہیں لوگ بغیر ڈانس کے بھی سنتے ہیں، جبکہ کچھ نے یہ نشاندہی کی کہ انہوں نے دلجیت دوسانجھ کے مشہور بھنگڑے کے انداز کی نقل کرنے کی کوشش کی۔
دلجیت دوسانجھ اپنے کنسرٹس میں پرجوش پنجابی رقص کے لیے مشہور ہیں، اور شائقین کا کہنا ہے کہ عاطف اسلم کے تازہ ڈانس میں کچھ اسی انداز کی جھلک نظر آئی۔