مراکش میں خوفناک حادثہ، دو رہائشی عمارتیں گرگئیں، 19 افراد جاں بحق

مقامی حکام کا کہنا ہے کہ ان عمارتوں میں آٹھ خاندان مقیم تھے، جن میں سے اکثر ملبے تلے دب گئے


ویب ڈیسک December 10, 2025

مراکش کے شہر فاس میں دو رہائشی عمارات منہدم ہونے سے کم از کم 19 افراد جاں بحق اور 16 زخمی ہوگئے۔

ریاستی خبررساں ادارے کے مطابق حادثہ شمال مشرقی علاقے المستقبل میں پیش آیا جہاں ایک دوسرے سے منسلک چار منزلہ دو عمارتیں اچانک زمین بوس ہوگئیں۔

مقامی حکام کا کہنا ہے کہ ان عمارتوں میں آٹھ خاندان مقیم تھے، جن میں سے اکثر ملبے تلے دب گئے۔

واقعے کے فوراً بعد ریسکیو ٹیموں، پولیس اور دیگر اداروں نے امدادی کارروائیاں شروع کردیں۔

زخمیوں کو فاس کے مقامی اسپتال منتقل کردیا گیا جبکہ علاقے میں سرچ آپریشن تاحال جاری ہے تاکہ مزید پھنسے ہوئے افراد کو بچایا جاسکے۔

حکام کے مطابق عمارتیں کیوں گریں، اس کی وجہ تاحال سامنے نہیں آسکی اور تحقیقات جاری ہیں۔

مقبول خبریں