امریکا؛ سالِ نو کی شب 5 مقامات کو اُڑانے کیلیے بم بنانے کی تیاری؛ 5 افراد گرفتار

کیلی فورنیا میں 4 اور نیو اورلینز میں ایک شخص کو بم بنانے کی تیاری کے دوران گرفتار کیا گیا


ویب ڈیسک December 15, 2025
سال نو پر امریکا میں پانچ مقامات پر بم دھماکے کرنا تھا

امریکی تفتیشی اداروں نے کیلیفورنیا میں سالِ نو کی شب پر ہونے والے 5 بڑے اور منظم بم دھماکوں کے منصوبے کو ناکام بنانے کا دعویٰ کیا ہے۔

امریکی نشریاتی ادارے کے مطابق ایف بی آئی نے بتایا کہ جنوبی کیلیفورنیا میں بیک وقت 4 حملوں کے لیے دیسی ساختہ بم کی تیاری میں مشغول افراد کو رنگے ہاتھوں دھر لیا گیا۔

امریکی محکمۂ انصاف کے مطابق یہ گرفتاریاں لاس اینجلس کے مشرق میں واقع ایک صحرائی علاقے لوسرن ویلی میں عمل میں لائی گئیں۔

گرفتار ہونے والوں میں 30 سالہ آڈری ایلیین کیرول، 32 سالہ زیکری آرون پیج، 24 سالہ ڈینٹے گیفیلڈ اور 41 سالہ ٹینا لائی شامل ہیں۔

ان تمام افراد پر سازش اور تباہ کن آلات رکھنے سمیت سنگین الزامات عائد کیے گئے ہیں جن پر سخت سزائیں ہو سکتی ہیں۔

امریکی تفتیشی ادارے کا کہنا ہے کہ یہ افراد ایک فلسطین نواز انتہا پسند تنظیم ٹرٹل آئی لینڈ لبریشن فرنٹ کے ذیلی دھڑے سے وابستہ تھے۔

ایف بی آئی کے ڈائریکٹر کاش پٹیل نے بتایا کہ یہ گروہ لاس اینجلس میں پانچ مختلف مقامات پر حملوں کی منصوبہ بندی کر رہا تھا۔

انھوں نے مزید بتایا کہ ایک پانچواں فرد نیو اورلینز میں ایک الگ حملے کی تیاری کے الزام میں گرفتار کیا گیا ہے۔

امریکی اٹارنی جنرل پام بونڈی نے اس منصوبے کو انتہائی بائیں بازو کا، فلسطین نواز، حکومت مخالف اور سرمایہ داری مخالف دہشت گرد منصوبہ قرار دیا۔

انھوں نے مزید کہا کہ اگر یہ حملے ہو جاتے تو یہ نئے سال کی رات ایک خوفناک اور بڑے پیمانے پر دہشت گردی کا واقعہ بن سکتا تھا۔

امریکی حکام کا کہنا تھا کہ ممکنہ اہداف میں امیگریشن اینڈ کسٹمز انفورسمنٹ کے اہلکار اور ان کی گاڑیاں بھی شامل تھیں۔

تفتیش کاروں نے ایک صحرائی کیمپ سے بم بنانے کا سامان برآمد کیا جن میں مختلف سائز کے پی وی سی پائپ اور مشتبہ پوٹاشیم نائٹریٹ سمیت بم میں استعمال ہونے والے مواد شامل ہیں۔ تمام ملزمان یہ سامان خود اپنے ساتھ لائے تھے۔

 

مقبول خبریں