سردیوں میں خشک جلد کو نرم و ملائم بنانے کےلیے ویزلین میں یہ چیز ملایئے اور جادو دیکھیے

اس طریقے سے خشکی کم ہونے کے ساتھ جلد نرم، ملائم اور تازہ محسوس ہونے لگتی ہے


ویب ڈیسک January 05, 2026

سردیوں کے موسم میں ہمارے خطے میں ٹھنڈ کے ساتھ سب سے بڑا مسئلہ جلد کی شدید خشکی بن جاتا ہے۔

ہاتھ، پاؤں اور ایڑھیاں اس قدر خشک ہو جاتی ہیں کہ بعض افراد کی جلد پھٹنے لگتی ہے اور خون تک نکل آتا ہے۔ ایسے میں زیادہ تر لوگ فوری حل کے طور پر ویزلین یا پیٹرولیم جیلی کا استعمال کرتے ہیں، جو وقتی طور پر جلد کو نمی تو فراہم کر دیتی ہے، مگر بعض اوقات یہ خشکی کو مکمل طور پر ختم نہیں کر پاتی۔

بیوٹی ایکسپرٹس اور گھریلو ٹپس بتانے والے افراد کے مطابق اگر ویزلین کو چند سادہ اجزا کے ساتھ ملا کر استعمال کیا جائے تو اس کا اثر کہیں زیادہ بہتر ہو سکتا ہے۔

جو طریقہ ہم یہاں بتانے والے ہیں اس طریقے سے نہ صرف جلد کی خشکی کم ہوتی ہے بلکہ اس کی ساخت بھی نرم، ملائم اور تازہ محسوس ہونے لگتی ہے۔

اس نسخے کے لیے ایک چھوٹی پیالی میں ایک چمچ ویزلین میں ایک چمچ بیکنگ سوڈا شامل کرکے اچھی طرح مکس کرلیں۔ اس کے بعد اس آمیزے میں ایک چمچ دودھ شامل کرکے اسے کریمی شکل دے دیں، تاکہ جلد پر آسانی سے لگایا جاسکے۔ یہ مرکب رات کو سونے سے پہلے ہاتھوں اور پیروں پر لگا کر ہلکے ہاتھ سے مساج کریں اور صبح اٹھ کر دھو لیں۔

اگر کوئی فرد رات بھر یہ آمیزہ لگائے رکھنا نہ چاہے تو شام کے وقت لگانے کے بعد پلاسٹک کے دستانے یا موزے پہن سکتا ہے۔ اس طرح نمی جلد میں بہتر طریقے سے جذب ہوتی ہے۔ چار سے پانچ گھنٹے بعد جلد کو سادہ پانی سے دھو لیا جائے۔

اس طریقے میں بیکنگ سوڈا جلد کے مردہ خلیات کو نرم کرکے صاف کرنے میں مدد دیتا ہے، دودھ جلد کو غذائیت اور نرمی فراہم کرتا ہے جبکہ ویزلین نمی کو برقرار رکھتی ہے۔

باقاعدہ استعمال سے جلد کی خشکی کم ہوسکتی ہے اور اسکن زیادہ نرم اور ملائم نظر آنے لگتی ہے۔ تاہم ماہرین کا کہنا ہے کہ حساس جلد والے افراد کسی بھی گھریلو نسخے کے استعمال سے پہلے احتیاط ضرور کریں۔

مقبول خبریں