ایران میں احتجاج کی شدت برقرار، نیتن یاہو کا تہران کیلئے نیا اشتعال انگیز پیغام سامنے آگیا

احتجاج کے پہلے ہفتے کے دوران جھڑپوں میں کم از کم 16 افراد ہلاک جبکہ سینکڑوں کو گرفتار کیا جا چکا ہے


ویب ڈیسک January 05, 2026

اسرائیلی وزیرِاعظم بنیامین نیتن یاہو نے ایران میں مہنگائی کے خلاف جاری احتجاجی مظاہروں کے دوسرے ہفتے میں داخل ہونے پر ایک بار پھر تہران کو اشتعال دلانے والا بیان دیا ہے۔

نیتن یاہو نے کہا ہے کہ اسرائیل ایرانی عوام کے ساتھ کھڑا ہے اور ان کی آزادی، انصاف اور بہتر مستقبل کی جدوجہد کی حمایت کرتا ہے۔

خبر رساں اداروں کے مطابق نیتن یاہو نے ہفتہ وار کابینہ اجلاس کے دوران کہا کہ یہ ممکن ہے کہ ایرانی عوام اس وقت اپنی تقدیر اپنے ہاتھ میں لینے کے مرحلے پر ہوں۔ ان کا کہنا تھا کہ اسرائیل ایرانی عوام کی خواہشات کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتا ہے۔

انسانی حقوق کی تنظیموں کے مطابق احتجاج کے پہلے ہفتے کے دوران سکیورٹی فورسز اور مظاہرین کے درمیان جھڑپوں میں کم از کم 16 افراد ہلاک جبکہ سینکڑوں کو گرفتار کیا جا چکا ہے۔ تاہم ہلاکتوں اور گرفتاریوں کے اعداد و شمار پر سرکاری ذرائع اور حقوقی اداروں میں اختلاف پایا جاتا ہے، جن کی آزادانہ تصدیق ممکن نہیں ہو سکی۔

نیتن یاہو نے ایران کے جوہری پروگرام پر بھی بات کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے اس معاملے پر امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے ملاقات کے دوران تفصیلی گفتگو کی ہے۔ ان کے مطابق دونوں ممالک اس بات پر متفق ہیں کہ ایران میں یورینیم افزودگی صفر ہونی چاہیے اور افزودہ مواد کو سخت نگرانی میں رکھا جانا چاہیے۔

دوسری جانب ایرانی حکومت نے عوامی دباؤ کم کرنے کے لیے معاشی ریلیف کا اعلان کیا ہے۔ سرکاری ترجمان فاطمہ مہاجرانی کے مطابق ہر شہری کو چار ماہ تک ماہانہ ایک ملین تومان (تقریباً سات ڈالر) دیے جائیں گے، جو مخصوص اشیا کی خریداری کے لیے استعمال کیے جا سکیں گے۔

ایرانی پولیس چیف احمد رضا رادان کا کہنا ہے کہ سکیورٹی فورسز نے گزشتہ دو دنوں کے دوران احتجاجی مظاہروں کی قیادت کرنے والے کئی افراد کو گرفتار کیا ہے، جن میں سوشل میڈیا پر سرگرم افراد بھی شامل ہیں۔

ادھر ایرانی نائب صدر محمد رضا عارف نے کہا ہے کہ حکومت ملک میں موجود مسائل کو تسلیم کرتی ہے، تاہم انہوں نے نوجوانوں کو خبردار کیا کہ وہ بیرونی عناصر کے مبینہ مقاصد کا حصہ نہ بنیں۔

مقبول خبریں