سرد موسم میں نزلہ زکام کا مسئلہ، پُراثر کیمیکل سے پاک وکس گھر پر خود تیار کیجئے

گھریلو وِکس صرف نزلہ زکام تک محدود فائدہ نہیں رکھتی بلکہ اس کے استعمال کے کئی اور مفید طریقے بھی ہیں


ویب ڈیسک January 17, 2026

سردیوں میں نزلہ، کھانسی، جسمانی درد اور بند ناک جیسے مسائل میں وِکس کو عام طور پر فوری آرام کےلیے استعمال کیا جاتا ہے۔ 

بازار میں بچوں اور بڑوں کے لیے مختلف اقسام کی وِکس دستیاب ہیں، مگر بہت سے افراد کیمیکل سے پاک گھریلو نسخوں کو ترجیح دیتے ہیں۔ اچھی خبر یہ ہے کہ وِکس گھر پر بھی نہایت آسانی سے تیار کی جاسکتی ہے، وہ بھی چند قدرتی اجزاء کی مدد سے۔


وکس گھر پر کیسے تیار کریں؟

گھر پر وِکس بنانے کے لیے کسی پیچیدہ سامان کی ضرورت نہیں۔ اس کے لیے ایک پیالی گھر کا خالص گھی یا کھوپرے کا تیل لیا جاتا ہے، جس میں پانچ سے چھ عدد کافور کی گولیاں شامل کی جاتی ہیں۔ اس کے علاوہ آدھا چائے کا چمچ ہلدی اور آدھا چائے کا چمچ سمندری نمک اس نسخے کو مزید مؤثر بناتا ہے۔

ترکیب کچھ یوں ہے کہ پہلے گھی یا ناریل کے تیل کو پین میں ڈال کر ہلکی آنچ پر گرم کیا جائے۔ اس میں کافور کی گولیاں شامل کریں اور اتنا پکائیں کہ وہ مکمل طور پر پگھل جائیں۔ اس کے بعد ہلدی اور سمندری نمک ڈال کر اچھی طرح مکس کریں۔ جب تمام اجزاء یکجان ہوجائیں تو چولہا بند کر دیں اور آمیزے کو ٹھنڈا ہونے دیں۔ بعد ازاں اسے کسی صاف شیشی میں محفوظ کرلیں۔ اس طرح بغیر کسی کیمیکل کے تیار ہونے والی گھریلو وِکس خاص طور پر بچوں کے لیے محفوظ سمجھی جاتی ہے۔


وکس کے حیرت انگیز فوائد

یہ گھریلو وِکس صرف نزلہ زکام تک محدود فائدہ نہیں رکھتی بلکہ اس کے استعمال کے کئی ایسے طریقے ہیں جو عام طور پر لوگوں کو معلوم نہیں۔

کان میں درد

اگر بلغم کی وجہ سے کان میں درد محسوس ہو تو روئی کے ایک چھوٹے پھائے پر ہلکی سی وِکس لگا کر کان میں رکھ کر سونے سے بلغم پگھلنے لگتا ہے اور درد میں آرام آتا ہے۔

جسم میں حرارت اور آرام

اسی طرح رات کو سونے سے پہلے پیروں اور ہاتھوں کی ہتھیلیوں میں وِکس کی مالش جسم میں حرارت پیدا کرتی ہے، پریشر پوائنٹس کو سکون دیتی ہے اور سردی کے اثرات کم کرنے میں مددگار ثابت ہوتی ہے۔

ناخن کا فنگس دور

ناخنوں میں فنگس کی شکایت ہو تو متاثرہ ناخن کو تراش کر اس پر وِکس کی ہلکی تہہ لگائیں اور موزے پہن لیں۔ اس عمل کو روزانہ دہرایا جائے تو فنگس جلد ختم ہونے لگتا ہے۔

سوجن کم کرنے میں مفید

وِکس سوجن کم کرنے میں بھی مفید سمجھی جاتی ہے کیونکہ یہ خون کی روانی بہتر بنانے میں مدد دیتی ہے۔ متاثرہ حصے پر ہلکے ہاتھ سے مساج کرنے سے درد اور سوجن میں کمی آتی ہے۔ اس کے علاوہ معمولی زخم یا کٹ لگنے کی صورت میں وِکس لگانے سے بیکٹیریا کی افزائش رکتی ہے اور زخم جلد بھرنے میں مدد ملتی ہے۔

قدرتی اجزاء سے تیار کی گئی یہ گھریلو وِکس نہ صرف سستی اور آسان ہے بلکہ روزمرہ کی کئی چھوٹی بڑی پریشانیوں میں ایک مؤثر دیسی حل بھی ثابت ہوسکتی ہے۔

مقبول خبریں