پاکستان تحریک اںصاف کے سیکریٹری جنرل سلمان اکرم راجہ نے کہا ہے کہ کراچی میں ہونے والا سانحہ گل پلازہ کرپشن اور حکومت کی سنگدلی کا نتیجہ ہے۔
اڈیالہ روڈ ماربل فیکٹری ناکہ کے قریب میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سلمان اکرم راجہ نے کہا کہ کراچی میں ہونے والا واقعہ معمولی نہیں بلکہ ایک بہت بڑا سانحہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ کراچی سانحہ کرپشن اور سنگدلی کا نتیجہ ہے جس کی پی ٹی آئی ہر سطح پر آواز اٹھائے گی۔ سلمان اکرم راجہ نے یقین دہانی کرائی کہ پی ٹی آئی متاثرین کو انصاف اور ازالے تک اُن کے شانہ بشانہ کھڑی رہے گی۔
انہوں نے کہا کہ کراچی سانحہ افسوسناک ہے، متاثرہ عمارت میں فائر ایگزٹ نہ ہونا مجرمانہ غفلت ہے واقعہ کو ہر فورم پر اٹھائیں گے، بی بی سی کے نمائندوں نے صورتحال کا مشاہدہ کیا۔
پی ٹی آئی سیکریٹری جنرل نے کہا کہ قومی اسمبلی اور سینیٹ میں اپوزیشن لیڈر کی تقرری کے نوٹی فکیشنز جاری کر کے کسی نے احسان نہیں کیا بلکہ یہ آئینی تقاضہ تھا اور اس کو پورا کرنا لازم تھا۔
سلمان اکرم راجہ نے مزید کہا کہ بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کی اجازت نہ دینا قانون شکنی ہے، بشریٰ بی بی کی بیٹیوں اور اہلِ خانہ کو ملاقات کا حق نہیں دیا جا رہا، عوام کو بانی پی ٹی آئی کی خیریت جاننے کا حق بھی نہیں دیا جا رہا۔
انہوں نے کہا کہ ظلم اور جبر کا نظام جھوٹ پر کھڑا ہے اور یہ زیادہ دیر قائم نہیں رہے گا، بطور اپوزیشن لیڈرز محمود خان اچکزئی اور علامہ ناصر عباس کی تقاریر تاریخی ہیں، ہم کسی یلغار یا تشدد کا ارادہ نہیں رکھتے، ہمارا مطالبہ صرف آئین، قانون اور شرافت ہے۔
سلمان اکرم راجہ نے کہا کہ ایک طرف بے روزگاری بڑھ رہی ہے اور فیکٹریاں بند ہو رہی ہیں جبکہ دوسری طرف افغانستان سے تجارت بند ہونے سے قبائلی معیشت تباہ کردی گئی ہے۔