شہر قائد کے مختلف علاقوں میں آتشزدگی کے تین واقعات پیش آئے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق شادمان ٹاؤن ، صدر ریگل اور سبزی منڈی میں آتشزدگی کے واقعات پر فائر بریگیڈ کا عملہ موقع پر پہنچ گیا، خوش قسمتی سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔
نارتھ ناظم آباد، سخی حسن کے قریب قائم کے الیکٹرک کے سب اسٹیشن میں آگ بھڑک اٹھی جس کی اطلاع ملتے ہی فائر بریگیڈ کے عملے نے موقع پر پہنچ کر آگ پر قابو پالیا۔
فائر بریگیڈ حکام کے مطابق آگ شادمان ٹاؤن کے الیکٹرک کے سب اسٹیشن میں لگی تھی، پریڈی کے علاقے صدر ریگل سولر مارکیٹ والی گلی میں قائم 7 منزلہ رہائشی عمارت کے فلیٹ میں آگ بھڑک اٹھی۔
ایس ایچ او پریڈی کے مطابق آگ چھٹی منزل کے فلیٹ میں بنے کچن کے پردے میں لگی تھی جسے اہلخانہ اور مکینوں نے اپنی مدد آپ کے تحت قابو پا کر بجھا دیا جبکہ فائر بریگیڈ حکام کا کہنا ہے کہ آگ کی اطلاع ملتے ہی گل پلازہ پر موجود فائر بریگیڈ کی 2 گاڑیوں کو روانہ کیا گیا تھا جس نے آگ پر قابو پالیا۔
سائٹ سپر ہائی وے صنعتی ایریا کےعلاقے نئی سبزی منڈی میں آگ بھڑک اٹھی جس کی اطلاع ملتے ہی فائر بریگیڈ کا عملہ ، پولیس اور ریسکیو رضا کار موقع پر پہنچ گئے۔
پولیس کے مطابق آگ سبزی منڈی میں واقع شیڈ میں لگی تھی جسے فائر فائٹرز نے ایک فائر ٹینڈر کی مدد سے بجھا دیا ، آتشزدگی کے تینوں واقعات میں خوش قسمتی سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا تاہم فوری فوری پر آگ لگنے کی وجہ اور نقصان کی مالیت کا تعین نہیں ہو سکا۔