عراقی فوج کی داعش سے صدام حسین کے آبائی شہر کا کنٹرول واپس لینے کیلئے پیش قدمی

عراقی فورسز نے تکریت کے سب سے بڑے اسپتال پر قبضہ کرلیا ہے تاہم شہر کے مرکزی حصے پر کنٹرول کے لئے کارروائی جاری ہے


ویب ڈیسک March 11, 2015
داعش نے تکریت کے دفاع کے لیے اپنے زیر قبضہ دوسرے علاقوں سے کمک بھیجی ہے فوٹو: رائٹرز

عراقی فوج نے داعش سے صدام حسین کے آبائی شہر تکریت کا کنٹرول واپس لینے کے لئے چاروں طرف سے محاصرہ کرلیا ہے۔

غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق عراقی فورسز نے مقامی قبائلی ملیشیا کی مدد سے داعش سے شمالی علاقوں کا کنٹرول واپس لینے کے لئے پیش قدمی کرتے ہوئے تکریت کے ایک نواحی شہر العلم کا کنٹرول سنبھال لیا ہے۔ عراق کے فوجی حکام کا کہنا ہے کہ شہر میں اب بھی داعش کے جنگجو موجود ہیں اس لئے شہر کو محفوظ بنانے کے لیے کارروائی کی جا رہی ہے تاہم داعش کے ماہر نشانہ باز اور باردوی سرنگیں ان کی پیش قدمی کی راہ میں رکاوٹ ڈال رہی ہیں لیکن جلد ہی العلم شہر کا مکمل کنٹرول حاصل کرلیا جائے گا۔

دوسری جانب عراقی فورسز نے تکریت کا چاروں طرف سے محاصرہ کرتے ہوئے شہر کے سب سے بڑے سرکاری اسپتال کی عمارت پر دوبارہ قبضہ کرلیا ہے تاہم مرکزی حصے پر کنٹرول کے لئے کارروائی جاری ہے۔ داعش نے تکریت کے دفاع کے لیے اپنے زیر قبضہ دوسرے علاقوں سے کمک بھیجی ہے لیکن انھیں کرکوک میں بھی کرد فوج کے حملوں کا سامنا ہے۔

مقبول خبریں