کروڑوں کی کرپشن پرپروجیکٹ ڈائریکٹرتوانا پاکستان کا گھیرا تنگ

سابق چیئرمین متروکہ املاک آصف ہاشمی اورسابق صوبائی وزیربلوچستان سمیت کرپشن کے5مختلف کیسزپر انکوائری کرنے کی منظوری


Numainda Express June 06, 2015
صالح بھوتانی کیخلاف انکوائری عدم ثبوت پربند،نیب کے ایگزیکٹوبورڈاجلاس میں فیصلے،کرپشن کے خاتمے کیلیے پرعزم ہیں، چیئرمین فوٹو: فائل

ISLAMABAD: قومی احتساب بیورو (نیب) کے ایگزیکٹوبورڈ اجلاس میں پروجیکٹ ڈائریکٹر توانا پاکستان عرفان اﷲکیخلاف عبوری کرپشن ریفرنس دائر کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، ملزم پر شریک ملزمان سے مل کر کرپشن اور اختیارات کا ناجائز استعمال کرتے ہوئے حکومتی خزانے کو تقریباً 170 ملین روپے نقصان پہنچانے کا الزام ہے ، ایگزیکٹو بورڈ نے بلوچستان کے سابق اسپیکر سردار صالح محمد بھوتانی کیخلاف کرپشن انکوائری عدم ثبوت کی بنا پر بند کردی ہے۔

چیئرمین نیب قمرزمان چوہدری کی صدارت میں نیب کا ایگزیکٹو بورڈ اجلاس نیب ہیڈکوراٹر میںہوا، اجلاس میں 5 انکوائریوںکی منظوری دی گئی، پہلی انکوائر ی انڈسٹریز اینڈ کامرس ڈپارٹمنٹ کوئٹہ کے سابق وزیر سید احسن شاہ، احمد رضاخان اور اقبال احمد کھوسہ کیخلا ف منظور ہوئی، اس کیس میں ملزمان پر اختیارات کا ناجائزاستعمال کرتے ہوئے گریڈایک سے 15تک کے888 ملازمین کو انڈسٹریز اینڈ کامرس ڈپارٹمنٹ کوئٹہ میں بھرتی کرنے کا الزام ہے۔

، دوسری انکوائری آصف ہا شمی ، سابق چیئرمین متروکہ وقف املاک بورڈکیخلاف منظور ہوئی، اس کیس میں ملزم کیخلاف اختیارات کاناجائز استعمال کرتے ہوئے متروکہ وقف بورڈ کی 34 کنال12مرلے150مربع فٹ زمین کو سستے داموں اور غیر شفاف طریقے سے فروخت کرتے ہوئے حکومتی خزانے کو 300 ملین روپے کا نقصان پہچانے کا الزام ہے، تیسری انکوائری عارف علائوالدین، چیف ایگزیکٹو آفیسر اے۔ ای۔ ڈی۔بی کیخلاف دی گئی، اس کیس میں ملزم کیخلاف اختیارات کا ناجائز استعمال کرتے ہوئے غیرقانونی طریقے سے بھرتیاں کرنے کا الزام ہے۔

چوتھی انکوائری امجد عزیز چیف ایگزیکٹو آفیسردیوائن ڈیولپور پرائیویٹ لمیٹڈ لاہوراور دیگر کیخلاف منظور ہوئی، اس کیس میں ملزمان کیخلاف کرپشن ، ترقیاتی کاموں میں خورد برد اور ساتھیوں کو ناجائز فائدہ پہنچاتے ہوئے حکومتی خزانے کو313.308ملین روپے نقصان پہچانے کاالزام ہے، پانچویں انکوائری میا ں محمد لطیف ، چیف ایگزیکٹو آفیسر میسرز چناب لمیٹڈ اور گروپ آف کمپنی لاہور / فیصل آباد سابق ڈائریکٹربینک آف پنجاب کیخلاف منظور ہوئی ، اس کیس میں ملزم پر چناب گروپ آف کمپنی کے نام پر بینک آف پنجاب کا ڈائریکٹرہوتے ہوئے قرضہ لینے اور بینک آف پنجاب کے سیکشن 19(4) کی خلاف ورزی کرتے ہوئے ملکی خزانے کو 1271 ملین روپے نقصان پہنچانے کا الزام ہے۔

نیب کی ایگزیکٹو بورڈ میٹنگ میں 3 انکوائریاں عدم ثبوت کی بناپربندکرنے کابھی فیصلہ کیا گیا ہے ، سی ڈی اے اسلام آباد جس میں غیر قانونی انویسٹمنٹ اورمیوچل فنڈ ،محمد اعظم خان ، اسٹینڈرڈ چارٹڈ بینک کراچی، سردار صالح محمد بھو تانی، سابق اسپیکر بلوچستان شامل ہیں، نیب کے ا یگزیکٹو بورڈ کے اجلاس میں عبدالملک سابق چیئرمین ٹریڈنگ کارپوریشن آف پاکستان، ڈاکٹر یوسف جنید ڈائریکٹرکمرشل اینڈ اشرف علی ، جنرل منیجر(سی ایس ڈی) ٹریڈنگ کارپوریشن آف پاکستان کیخلا ف معاملہFIA میں ہونیکی بنیاد پر مزید کارروائی نہ کرنے کا فیصلہ کیا گیاہے۔

چیئرمین نیب قمر زمان چوہدری نے کہاکہ قومی احتساب بیورو ملک سے کرپشن کے خاتمے کیلیے پر عزم ہے اور اس سلسلے میں تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں گے، انھوں نے کہا کہ بدعنوان عناصر ، مفرور اور اشتہاری ملزمان کو گرفتار کرنے اور ان کو قانون کے مطابق سزا دلوانے کیلیے کوئی کسر اٹھا نہ رکھی جائے گی، انھوں نے قومی احتساب بیورو کے تمام افسروں اور اہلکاروں کو ہدایت کی کہ وہ بدعنوانی کی تما م شکایات، انکوائریاں اورتحقیقا ت میرٹ اور قانون کے تما م تقاضے پورے کرتے ہوئے شفاف اندازمیں مکمل کریں۔

مقبول خبریں