لٹل اسٹارز کے درمیان عالمی جنگ چھڑنے کا بگل بج گیا

آج ابتدائی روز جنوبی افریقہ میزبان بنگلہ دیش کا امتحان لے گا، پاکستان افغانستان کیخلاف پہلا میچ کھیلے گا۔


Sports Desk January 27, 2016
پاکستان کاکل افغانستان سے سامنا،دیگرٹیمیں بھی اچھی ہیں مگر ہم ورلڈ کپ جیت کر ہی واپس جائیں گے،کپتان فوٹو: آئی سی سی/فائل

لٹل اسٹارز کے درمیان عالمی جنگ چھڑنے کا بگل بج گیا، انڈر 19 ورلڈ کپ بدھ سے بنگلہ دیش کے میدانوں پر شروع ہورہا ہے، ابتدائی روز دفاعی چیمپئن جنوبی افریقہ میزبان جونیئر ٹائیگرز کا امتحان لیں گے۔

تفصیلات کے مطابق 11ویں انڈر 19 ورلڈ کپ کا بدھ سے بنگلہ دیش میں آغاز ہورہا ہے،ایونٹ میں 9 ٹیسٹ ممالک کے ساتھ 7 ایسوسی ایٹ و ایفیلیٹ ٹیمیں افغانستان، کینیڈا، فجی، نیمبیا، نیپال، آئرلینڈ اور اسکاٹ لینڈ بھی شامل ہیں۔ آسٹریلیا کی جانب سے سیکیورٹی کے سبب ایونٹ میں شرکت نہ کرنے پر آئرش ٹیم کو موقع دیا گیا ہے۔ ٹورنامنٹ میں شریک ٹیموں کو چار گروپس میں تقسیم کیا گیا۔

ہر سے دو ٹاپ سائیڈزکوارٹر فائنلز میں جگہ بنائینگی جبکہ باقی دو پلیٹ چیمپئن شپ کھیلیں گی۔ گذشتہ 10 ایونٹس میں چمکنے والے کئی لٹل اسٹارز نے دنیا بھر میں اپنا نام روشن کیا، ان میں لارا، انضمام الحق، گیل، سہواگ ، مائیکل کلارک، یوراج ، اسٹیون اسمتھ، کوہلی، برینڈن میک کولم، انجیلو میتھیوز، کاگیسو ربادا، مشفیق الرحیم، روٹ اور کئی دیگر شامل ہیں،اس بار کے ٹورنامنٹ سے بھی مستقبل کے کئی اسٹارز سامنے آئینگے۔ افتتاحی روز گروپ اے میں دفاعی چیمپئن جنوبی افریقہ اور بنگلہ دیش جبکہ گروپ سی میں انگلینڈ اور فجی کا مقابلہ ہوگا۔

پاکستانی ٹیم اپنے سفر کا آغاز جمعرات کو افغانستان کیخلاف میچ سے کریگی، اس کیساتھ گروپ بی میں سری لنکا اور کینیڈا کی ٹیم بھی موجود ہے۔ پاکستان 2004 اور 2006 میں مسلسل دو ٹائٹلز جیتنے کا اعزاز رکھنے والی واحد ٹیم ہے، اس نے گذشتہ ایونٹ کا فائنل کھیلا اور اب بھی نگاہیں تیسرے ٹائٹل کے حصول پر مرکوز ہیں۔ کپتان گوہر حفیظ نے کہا کہ ہم بہت زیادہ پُراعتماد ہیں، دیگر ٹیمیں بھی کافی اچھی مگر ہمیں ان کا چیلنج قبول ہے، ہم یہاں پر ورلڈ کپ جیتنے کیلیے موجود ہیں۔ یاد رہے کہ پاکستان نے یو اے ای میں رن ریٹ کی بنیاد پر سہ فریقی سیریز میں نیوزی لینڈ اور آسٹریلیا کو شکست سے دوچار کیا، البتہ بنگلہ دیش میں بھارت کے ہاتھوں وارم اپ میچ میں شکست کا منہ دیکھنا پڑا۔

مقبول خبریں