چیف سلیکٹرکے امیدوارانضمام کئی تنازعات میں الجھ چکے

ورلڈکپ2007کی ناکام مہم کے بعدتحقیقاتی رپورٹ میں کپتان کو’’ڈکٹیٹر‘‘قرار دیاگیا


Sports Desk April 16, 2016
شہریارخان کے دور میں بال ٹیمپرنگ کا الزام عائد ہونے پر اوول ٹیسٹ فورفیٹ کردیا ۔ فوٹو: فائل

چیف سلیکٹرکے امیدوار انضمام الحق بڑے بیٹسمین تو تھے تاہم وہ کئی تنازعات میں بھی الجھ چکے، ورلڈ کپ2007کی ناکام مہم کے بعد تحقیقاتی رپورٹ میں انھیں ''ڈکٹیٹر'' قرار دیا گیا۔

تفصیلات کے مطابق انضمام الحق نے پاکستان ٹیم کیلیے کئی کارنامے انجام دیے، ورلڈکپ 1992کی فتح میں بھی ان کا اہم کردار رہا تاہم دوران کیریئر وہ کئی تنازعات میں بھی الجھے، سہارا کپ 1997 میں میگا فون پر آلو پکارنے والے بھارتی نژاد کینیڈین پر انھوں نے حملہ کر دیا تھا، دورہ انگلینڈ 2006 کے اوول ٹیسٹ میں بال ٹیمپرنگ کا الزام عائد کیے جانے اور 5 پنالٹی رنز دینے کے بعد وہ ٹیم کو لے کر باہر چلے گئے تھے، تاریخ میں پہلی بار کوئی ٹیسٹ فورفیٹ قرار دیا گیا، اس وقت کے ٹیم منیجرظہیر عباس اور چیئرمین پی سی بی شہریار خان تھے، ورلڈ کپ 2007 میں ٹیم کے پہلے راؤنڈ سے اخراج کے بعد باب وولمر تو پراسرار انداز میں اپنے کمرے میں مردہ پائے گئے۔

بعد ازاں اعجاز بٹ کی سربراہی میں قائم کردہ انکوائری کمیٹی کی رپورٹ میں انضمام کے تکبرانہ رویے کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے انھیں ڈکٹیٹر کپتان قرار دیا گیا، رپورٹ میں بتایا گیا تھا کہ انھوں نے کبھی ٹیم کے ساتھ جانے والے ٹور سلیکٹر کی مشاورت کو بھی ضروری نہیں سمجھا، وہ کئی ان فٹ کھلاڑیوں کو کھلانے سمیت اپنے فیصلوں پر اصرار کرتے رہے، شہریارخان نے ورلڈ کپ کے دوران ٹیم پر وائیڈز کی کثرت سمیت ''ٹارگیٹڈ فکسنگ'' کا شبہ ظاہر کیا تاہم انکوائری کمیٹی نے انھیں مزید تفصیلات کیلیے طلب کیا توانھوں نے آنا ضروری نہیں سمجھا تھا۔ انضمام پر ریٹائرمنٹ کیلیے مبینہ طور پر بورڈ سے بھاری رقم لینے کا الزام بھی عائد ہو چکا۔

مقبول خبریں