آئی سی سی کے آئین سے چھیڑ چھاڑ پرغور کا وقت آگیا

آج دبئی میں شروع ہونے والی میٹنگز میں بگ تھری کے اثرات کا جائزہ لیا جائے گا.


Sports Desk April 21, 2016
باہمی سیریزکے اسٹرکچراورشیڈولنگ پربھی بات،بورڈ سربراہان پیرکو جمع ہونگے فوٹو: فائل

QUETTA: آئی سی سی کے آئین سے چھیڑ چھاڑ پر غور کا وقت آگیا، جمعرات سے شروع ہونے والی میٹنگز میں بگ تھری کے اثرات کا جائزہ لیا جائے گا، باہمی سیریز کے اسٹرکچر اور شیڈولنگ پر بھی بات ہوگی، بورڈ سربراہان سفارشات پر مہر ثبت کرنے کیلیے پیر کو جمع ہوں گے۔

تفصیلات کے مطابق انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کی سہ ماہی میٹنگز کا آغاز جمعرات سے ہورہا ہے، اس دوران مختلف کمیٹیزکے اجلاس ہوں گے، پہلے دن آئی سی سی ویمنز کمیٹی کی میٹنگ ہونی ہے، جمعے اور ہفتے کو آئی سی سی چیف ایگزیکٹیوز سر جوڑ کر بیٹھیں گے۔ اتوار کو ہی آڈٹ، فنانس و کمرشل افیئرز اور ڈیولپمنٹ کمیٹی کے بھی اجلاس ہوں گے، اتوار کو گورننس اور ایگزیکٹیو کمیٹی کی میٹنگ شیڈول ہے۔

پیر کے روز 10 فل ممبرز ممالک اور تین منتخب ایسوسی ایٹ نمائندگان کی میٹنگ ہوگی، جس میں ابتدائی میٹنگز کی سفارشات کا جائزہ لینے کے بعد منظوری دی جائے گی۔ ان میٹنگز کے ایجنڈے میں سب سے اہم معاملہ بگ تھری کی وجہ سے آئی سی سی اور عالمی کرکٹ پر پڑنے والے اثرات کا جائزہ لینا ہے، گذشتہ میٹنگز میں اس حوالے سے ایک ورکنگ گروپ قائم کیا گیا تھا جس کا کام 2014 کی قراردادوں اور آئی سی سی آئین کا جائزہ لینا ہے، یہ گروپ اپنے کام کے حوالے سے آئی سی سی بورڈ کو آگاہ کرے گا، جس کی روشنی میں آگے کا لائحہ عمل تیار کیا جائے گا جبکہ اس بارے میں حتمی اقدام جون میں شیڈول سالانہ کانفرنس کے موقع پر ہونا ہے۔

آئی سی سی میٹنگز میں باہمی سیریز کی شیڈولنگ اور اسٹرکچر کے بارے میں بھی بات ہوگی، پہلے جو شیڈولنگ کی گئی اس پر کافی تحفظات سامنے آئے تھے، اس میں صرف بڑی ٹیموں نے آپس میں ہی زیادہ مقابلے رکھے تھے جس کا نقصان کرکٹ کے چھوٹے ممالک کو ہورہا ہے، اس کو زیادہ بہتر بنانے کی کوشش ہوگی۔ اسی طرح امریکی کرکٹ کونسل، کرکٹ کو اولمپکس کا حصہ بنانے، اینٹی کرپشن اور اینٹی ڈوپنگ سے متعلق معاملات پر بھی بورڈ کو اپ ڈیٹ کیا جائے گا۔

مقبول خبریں