اسٹنگ آپریشن 4 برس قبل 6 امپائرز کا بھانڈا پھوٹا

رقم کی خاطر سب نے اپنی ذمہ داریوں سے بے وفائی کرنے پر رضامندی ظاہر کردی تھی۔


Sports Desk April 24, 2016
بنگلہ دیشی نادر شاہ نے پاکستانی بیٹسمین ناصرجمشید پر فکسنگ کا الزام بھی عائد کیا۔ فوٹو: فائل

بھارتی ٹی وی کے اسٹنگ آپریشن میں 4 برس قبل 6 امپائرزکا بھانڈا پھوٹا، رقم کی خاطر سب نے اپنی ذمہ داریوں سے بے وفائی کرنے پر رضامندی ظاہر کی تھی، ان میں 3 سری لنکن، 2 پاکستانی اور ایک بنگلہ دیشی آفیشل شامل تھا۔

تفصیلات کے مطابق 2012 کے ورلڈ ٹوئنٹی 20 ایونٹ سے قبل بھارت کے ایک ٹی وی چینل نے اپنے اسٹنگ آپریشن میں 6 میچ آفیشلز کے چہرے پر پڑا شرافت کا نقاب نوچتے ہوئے ان کی لالچ کو بے نقاب کیا تھا۔ اب یہ آفیشلز پھر سے کھیل میں دوسری باری لینے کے لیے واپس آرہے ہیں، گذشتہ روز بنگلہ دیش کے نادر شاہ نے امپائرنگ شروع کی اور اب پاکستان کے ندیم غوری بھی دوبارہ سے فیلڈ میں کھلاڑیوں کی قسمت کا فیصلہ کرنے کے لیے پرتول رہے ہیں۔

بھارتی اسٹنگ آپریشن میں جن 6 آفیشلز کا بھانڈا پھوڑا گیا تھاان میں سری لنکا کے گامنی ویسانائیکے، مورس ونسٹن اور ساگارا گلاگے بھی شامل تھے۔ ندیم غوری کے بارے میں ٹی وی رپورٹ میں کہا گیا کہ انھوں نے ہر طرح سے 'کالے دھن' کے عوض بھارتی ٹیم کو فائدہ پہنچانے کی حامی بھری، انیس صدیقی نے کہا کہ رقم ملنے پر وہ نہ صرف بھارتی ٹیم کی مدد بلکہ اس کے لیے پاکستان کرکٹ بورڈ میں بھی اپنا اثررسوخ استعمال کرسکتے ہیں۔

بنگلہ دیش کے نادر شاہ نے کہا تھا کہ وہ کسی بھی فارمیٹ میں آؤٹ کو ناٹ آؤٹ اور ناٹ آؤٹ کو آؤٹ قرار دے سکتے ہیں، انھوں نے یہ انکشاف بھی کیا تھا کہ بنگلہ دیش پریمیئر لیگ میں ناصر جمشید نے 1،2 نہیں بلکہ کئی میچز فکسڈ کیے جس پر ان کا پاسپورٹ ضبط کرلیا گیا تھا مگر بعد میں لیگ نے اپنی ساکھ کو بچانے کی خاطر انھیں سزا نہیں دی تھی۔ سری لنکا کے آفیشلز نے بھی دولت کے عوض کچھ بھی کرنے کی حامی بھری تھی۔

مقبول خبریں