انجری کا شکار کیون پیٹرسن آئی پی ایل سے باہر

ٹیم کو چھوڑ کر جانا افسوسناک ہے، گھر واپسی کے سوا کوئی راستہ نہیں ہے، انگلش اسٹار


Sports Desk April 25, 2016
ٹیم کو چھوڑ کر جانا افسوسناک ہے، گھر واپسی کے سوا کوئی راستہ نہیں ہے، انگلش اسٹارفوٹو: فائل

انجری کا شکار انگلش اسٹار کیون پیٹرسن آخرکار انڈین پریمیئر لیگ سے باہرہوگئے۔

انھیں گذشتہ دنوں رائل چیلنجرز بنگلور سے میچ کے دوران انجری پیش آئی تھی، 35 سالہ انگلش بیٹسمین رواں سیزن میں رائزنگ پونے سپر جائنٹس کی نمائندگی کررہے ہیں۔ وہ اس مقابلے میں محض ایک گیند کا ہی سامنا کرپائے، وہ سنگل رن بنانے کی کوشش میں پٹھوں کی تکلیف کا شکار ہوئے اور پھر درد کی شدت کے سبب انھیں میچ چھوڑ کر میدان سے باہر جانا پڑگیا تھا، ساتھی اسٹاف نے کندھوں پر اٹھاکر میدان سے باہر پہنچایا۔

گذشتہ دنوں ان کی انجری کی نوعیت جاننے کے لیے اسکین ٹیسٹ کرائے گئے تھے تاہم اتوار کو انھوں نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر اپنے ایونٹ سے باہر ہوجانے سے شائقین کو آگاہ کردیا، شائقین کے نام پیغام میں کیون پیٹرسن نے کہا کہ انجریز ہمارے کھیل کا حصہ ہیں، میری پنڈلی میں بہت بری تکلیف ہے، میرے لیے اتنے بہترین کھلاڑیوں کے گروپ کو چھوڑ کر جانا بہت افسوسناک ہے لیکن میری نظریں اپنے اہلخانہ کی طرف واپسی پر مرکوز ہیں۔

انگلش ٹیم مینجمنٹ کے ساتھ مختلف تنازعات کے بعد کیون پیٹرسن 2014 میں ٹیم سے ہٹادیے گئے تھے لیکن انھوں نے اب بھی انٹرنیشنل کرکٹ میں واپسی کی امید نہیں چھوڑی ہے، واضح رہے کہ انھوں نے گذشتہ دنوں اپنے آبائی وطن جنوبی افریقہ کی جانب سے بین الاقوامی کرکٹ کھیلنے کا عندیہ دیا تھا، وہ آئندہ برس پروٹیز کی نمائندگی کے اہل ہوجائیں گے، پیٹرسن نے انجرڈ ہونے سے قبل 4 اننگز میں مجموعی طور پر73 رنزاسکورکیے ہیں، جس میں ان کی بہترین کاوش گجرات لائنز کیخلاف 37رنز رہی ہے، پونے کے کپتان مہندرا سنگھ دھونی کیلیے تجربہ کار بیٹسمین کی عدم دستیابی بڑا دھچکا ہوگی۔

مقبول خبریں