نواز شریف کی نااہلی صدر ممنون ملکی امور کی نگرانی کریں گے

نئے قائدایوان کیلیے قومی اسمبلی کا اجلاس 48 گھنٹے میں طلب کیے جانیکا امکان


Numainda Express July 29, 2017
اسپیکر قومی اسمبلی امیدوار کے کاغذات کی جانچ پڑتال کے بعد انتخابی عمل کیلیے ووٹنگ کرائیں گے۔ فوٹو: فائل

لاہور: نواز شریف کی نااہلی کے بعد صدر مملکت ملکی امورکی نگرانی کرینگے۔

پارلیمانی کلینڈرکے مطابق قومی اسمبلی کااجلاس آئندہ 48گھنٹے میں طلب کیے جانیکا امکان ہے۔ پارلیمانی ذرائع نے ایکسپریس بتایا کہ وزیراعظم کے انتخاب تک صدرممنون حسین ہی ملکی امور کی نگرانی کرینگے۔ قومی اسمبلی میں نئے قائد ایوان کے انتخاب کیلیے مسلم لیگ ن اپنے امیدوار کا نام قومی اسمبلی کے پیرسے شروع ہونیوالے ممکنہ اجلاس میں پیش کریگی۔

واضح رہے کہ اسپیکرقومی اسمبلی ایوان میں وزیراعظم کے انتخاب کیلیے اکثریتی جماعت سے نام طلب کرینگے، قومی اسمبلی قواعد کے مطابق قائد ایوان(وزیراعظم)کے انتخاب کیلیے انتخاب سے ایک دن قبل کاغذ نامزدگی امیدوار یا اس کے تجویز کنندہ یا تائید کنندہ کی جانب سے وزیراعظم کے انتخاب کے انعقاد سے ایک دن قبل دوپہر دو بجے تک سیکریٹری قومی اسمبلی کے سپرد کردیا جائیگا۔ اسپیکر قومی اسمبلی امیدوار کے کاغذات کی جانچ پڑتال کے بعد انتخابی عمل کیلیے ووٹنگ کرائیں گے جس کے بعد وزیراعظم کا انتخاب ہو جائیگا۔

مقبول خبریں