سینیٹ انتخابات میں ایک بار پھر شرمناک ہارس ٹریڈنگ ہوئی، عمران خان

ویب ڈیسک  ہفتہ 3 مارچ 2018
ہمیں تانگہ پارٹی کہنے والے آج ہماری جماعت میں گھسنے کی کوشش کررہے ہیں، چیئرمین تحریک انصاف، فوٹو : فائل

ہمیں تانگہ پارٹی کہنے والے آج ہماری جماعت میں گھسنے کی کوشش کررہے ہیں، چیئرمین تحریک انصاف، فوٹو : فائل

 راولپنڈی: پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ سینیٹ انتخابات میں ایک بار پھر شرم ناک ہارس ٹریڈنگ ہوئی یہ سارا عمل ہمارے سیاسی طبقے کی اخلاقی پستی کو ظاہر کرتا ہے۔

اپنے ٹوئٹ میں عمران خان نے کہا ہے کہ سینیٹ انتخابات میں ایک بار پھر شرم ناک ہارس ٹریڈنگ دیکھی گئی، ارکان نے انتخابات میں ووٹ خریدے اور بیچے جس سے ہمارے سیاسی طبقے کی اخلاقی پستی ظاہر ہوتی ہے، کس مغربی جمہوریت میں ایسی خرید و فروخت ہوتی ہے؟ اسی لیے پی ٹی آئی نے براہ راست یا پارٹی بنیاد پر انتخابات کا فارمیٹ پیش کیا تھا۔

ہمیں تانگہ پارٹی کہنے والے آج ہماری جماعت میں گھسنے کی کوشش کررہے ہیں، عمران خان

قبل ازیں راولپنڈی میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان کا کہنا تھا کہ تحریک پاکستان کے دوران ایک وقت ایسا بھی تھا جب مسلم لیگ کو ایک ہی سیٹ ملی تھی لیکن اس وقت قائدِاعظم محمدعلی جناح نے کہا تھا کہ میری جماعت ایک تحریک ہے۔ قائداعظم کے پاس ایک نظریہ تھا جس کے لئے  وہ حضورﷺ کی تعلیمات کے مطابق تبلیغ کر رہے تھے۔

عمران خان کا کہنا تھا کہ کئی لوگ ایسے ہیں جو تحریک انصاف کو تانگہ پارٹی کہتے تھے لیکن آج وہی لوگ ہماری پارٹی میں گھسنے کی کوشش کررہے ہیں، ہم نے کسی کے برا بھلا کہنے کی فکر کئے بغیر آگے دیکھا اور بڑھتے گئے، آج ہماری جماعت کو بنے ہوئے 22 سال ہوگئے اور اس بار ہم پوری طاقت کے ساتھ میدان میں اتریں گے،  کرپشن اورلاقانونیت کے خلاف فیصلہ کن معرکے کا وقت آن پہنچا ہے، 2018 تبدیلی کا سال ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔