بالی ووڈ کی چوری پر سینہ زوری

زنیرہ ضیاء  جمعرات 19 جولائی 2018
گانا’’اماں دیکھ تیرا منڈا بگڑا جائے ‘‘سب سے پہلےپاکستانی اداکار افضل خان(جان ریمبو)پر فلمایا گیا تھا۔ فوٹو فائل

گانا’’اماں دیکھ تیرا منڈا بگڑا جائے ‘‘سب سے پہلےپاکستانی اداکار افضل خان(جان ریمبو)پر فلمایا گیا تھا۔ فوٹو فائل

ممبئی: بالی ووڈ نے ڈھٹائی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ماضی کا ایک اور مقبول ترین پاکستانی گانا ’’منڈا بگڑاجائے‘‘ چرالیا۔

بالی ووڈ میں پاکستانی گانے چرانے کا ٹرینڈ نیا نہیں بلکہ بھارتی فلمسازو پروڈیوسرز اپنی فلموں کی کامیابی کے لیے پاکستانی فلمسازوں کی اجازت کے بغیر گانے چراکر اپنی فلموں میں شامل کرتے آئے ہیں۔

حال ہی میں ایشوریا رائے کی فلم’’پھنے خان‘‘میں  پاکستان کے لیجنڈری گلوکار نصرت فتح علی خان کی مقبول ترین قوالی ’’ہلکا ہلکا سرور‘‘کی نہایت خراب نقل پیش کی گئی جس کے باعث پاکستانی شائقین میں بے حد غصہ پایا جاتا ہے اوراب بالی ووڈ نے 90 کی دہائی کے مقبول ترین پاکستانی گانے ’’اماں دیکھ تیرا منڈہ بگڑا جائے‘‘کو چرا کر ایک نئے انداز میں پیش کیا ہے اور ڈھٹائی کا مظاہرہ کرتے ہوئے اس گانے کا کریڈٹ پاکستان کو نہیں دیا۔

اس خبرکوبھی پڑھیں: ایشوریا رائے کا ہلکاہلکا سرور

یہ گانا سب سے پہلے 90 کی دہائی میں ریلیز ہوئی ہدایت کارہ شمیم آرا کی فلم’’منڈہ بگڑا جائے‘‘میں اداکارجان ریمبو پر فلمایا گیا تھا،اسے پاکستانی گلوکار سلیم دانش نے گایا تھا۔ یہ اپنے وقت کا مشہور ترین گانا تھا۔ اس کی مقبولیت کے پیش نظریہ گانا 1994 میں بھارتی  فلم’’اسٹنٹ مین‘‘میں جیکی شروف پر فلمایا گیا تھااوراس وقت اس گانے کا کریڈٹ پاکستان کو دیاگیا تھا۔

اب اس گانے کو ایک بار پھربالی ووڈ فلم ’’نوابزادے‘‘ کے لیے اداکارہ و ڈانسر شکتی  موہن پر فلمایا گیا ہے، تاہم گانے میں کہیں بھی پاکستان کو کریڈٹ نہیں دیا گیا بلکہ ایک بھارتی ذرائع ابلاغ نے ڈھٹائی کا مظاہرہ کرتے ہوئے کہا کہ یہ گانا سب سے پہلے اداکار جیکی شروف پر فلمایا گیا تھا۔

واضح رہے کہ فلم’’نوابزادے‘‘کی ہدایت کاری جیش پردھان نے دی ہےجب کہ اسے لیزیلے ڈی سوزا نے پروڈیوس کیا ہے، فلم میں شامل گانے’’اماں دیکھ تیرا منڈا بگڑا جائے‘‘کی کوریوگرافی ریمو ڈی سوزا نے کی ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔