نوجوان پلیئرز پاکستان ہاکی کا روشن مستقبل ہیں آصف باجوہ

فائیو اے سائیڈ ایشیا انڈر 16 ہاکی کپ کا ٹائٹل اپنے نام کرنے والی قومی جونیئر ٹیم کا وطن واپسی پر شاندار استقبال۔


Sports Reporter April 10, 2013
فائیو اے سائیڈ ایشیا انڈر 16ہاکی کپ کا ٹائٹل اپنے نام کرنے والی قومی جونیئر ٹیم کا وطن واپسی پر شاندار استقبال، ایئرپورٹ پر فلک شگاف نعرے۔ فوٹو: فائل

ایشیا انڈر 16 ہاکی کپ کی فاتح قومی ٹیم وطن واپس پہنچ گئی، 10 رکنی اسکواڈ کے ہمراہ چیف کوچ طاہر زمان، کوچ ریحان بٹ اور رانا ظہیر بھی شامل تھے۔

لاہور کے علامہ اقبال ایئر پورٹ پر کھلاڑیوں کا شاندار استقبال کرتے ہوئے پھول نچھاور کئے گئے، اس موقع پر سیکریٹری پاکستان ہاکی فیڈریشن آصف باجوہ، سابق اولمپئنز پلیئرز کے اہل خانہ اور بڑی تعداد میں شائقین بھی موجود تھے۔ تفصیلات کے مطابق سنگاپور میں ناقابل تسخیر رہتے ہوئے 5 اے سائیڈ ایشیا انڈر 16ہاکی کپ کا ٹائٹل اپنے نام کرنے والی قومی جونیئر ٹیم گذشتہ روز وطن واپس پہنچ گئی، لاہور کے علامہ اقبال ایئر پورٹ پر کھلاڑیوں کا استقبال کرنے والوں میں سیکرٹری پاکستان ہاکی فیڈریشن آصف باجوہ، سابق اولمپئنز، پلیئرز کے اہل خانہ اور بڑی تعداد میں شائقین بھی موجود تھے۔

کھلاڑی لائونج سے باہر آئے تو وہاں پر موجود افراد نے پر جوش انداز میں پاکستان زندہ باد کے نعرے لگاتے ہوئے پھول نچھاور کیے، آصف باجوہ نے ہر پلیئرز کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے ٹیم مینجمنٹ کو مبارکباد پیش کی۔ایئرپورٹ سے واپسی پر کھلاڑیوں نے نیشنل ہاکی اسٹیڈیم میں جاری جونیئر ورلڈ کپ کیمپ کا دورہ کیا، فاتح پلیئر کا یہاں بھی بھرپور استقبال کرتے ہوئے خیر مقدمی نعرے فضا میں بلند کیے گئے اور میدان کسی تقریب کا منظر پیش کرنے لگا، اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے آصف باجوہ نے کہا کہ جونیئرز پاکستان ہاکی کا روشن مستقبل ہیں، ایشیا کپ کی فتح سے دیگر پلیئرز میں بھی آگے آنے کی تحریک اور ملک کا نام روشن کرنے کا جذبہ پروان چڑھے گا۔



انھوں نے کہا کہ ملک بھر میں ہاکی اکیڈمیز کا جال پھیلانے کا فیصلہ مثبت تھا جس کے ثمرات بھی سامنے آنے شروع ہوگئے ہیں، آنے ولے دنوں میں مزید کامیابیاں ملک کا مقدر بنیں گی۔ چیف کوچ طاہر زمان نے کہا کہ کھلاڑیوں کو نو عمری میں ہی تکنیکی اور جسمانی طور پر مضبوط بنانا زیادہ بہتر ہوتا ہے، پاکستان ہاکی فیڈریشن نے اس ضرورت کو محسوس کرتے ہوئے درست سمت میں قدم اٹھائے ہیں جن کا مزید فائدہ آئندہ چند برسوں میں نظر آئے گا۔

کوچ ریحان بٹ نے کہا کہ کئی جونیئرز نے عمدہ پرفارمنس سے متاثر کیا ہے، تربیت اور حوصلہ افزائی کا سلسلہ جاری رکھ کر قومی سینئر ٹیم کو اچھے کھلاڑیوں کی کھیپ فراہم کی جاسکتی ہے۔ کپتان نوہیز زاہد ملک نے کہا کہ سب پلیئرز کم عمری میں انٹرنیشنل سطح پر کھیلنے اور اپنی صلاحیتیں منوانے کا موقع ملنے پر بہت خوش ہیں، ایشین ٹائٹل جیتنے کے بعد پاکستان کیلیے مزید کامیابیاں سمیٹنے کیلیے مزید محنت کریں گے۔

مقبول خبریں