الیکشن لڑنے کی سائنس جاننے والوں کو ہی ٹکٹ دیں گے، عمران خان

ن لیگ نے معیشت تباد کی، میانوالی سے انتخابی مہم اتوار سے شروع کرونگا، ٹویٹ، ویڈیو پیغام۔ فوٹو: فائل

ن لیگ نے معیشت تباد کی، میانوالی سے انتخابی مہم اتوار سے شروع کرونگا، ٹویٹ، ویڈیو پیغام۔ فوٹو: فائل

 اسلام آباد: تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ صرف ایسے لوگوں کو ٹکٹ دیں گے جو انتخابات لڑنے کی سائنس جانتے ہوں گے۔

گزشتہ روز ٹکٹوں کی مبینہ غیرمنصفانہ تقسیم کیخلاف بنی گالہ میں احتجاج کرنیوالے کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ ٹکٹوں کی تقسیم کا مرحلہ دھرنے سے بھی مشکل کام تھا یہ تین ہفتے مشکل میں گزارے، ساڑھے چار ہزار لوگوں نے درخواستیں دیں چند لوگوں کو ٹکٹ ملا اس پر مایوسی فطری بات تھی، ایک ہفتہ مزید بیٹھ کر فائلیں دیکھیں، کئی جگہ سروے کرائے، مجھے کسی کاڈر نہیں، ناانصافی کسی سے نہیں کرنا چاہتا،10 فیصد حلقوں میں مشکل پیش آرہی ہے۔

عمران خان نے کہا کہ کئی جگہ پر نئے آنیوالوں کے چانسز زیادہ نظر آرہے ہیں، یہ الیکشن ہم نے جیتنا ہے الیکشن جیتیں گے تو ہی تبدیلی لیکر آئیں گے، پرانے، نئے کی بات نہیں میرٹ کی بات ہے جو الیکشن لڑنے کی سائنس جانتا ہے اسے ٹکٹ دیا جائیگا، اگلے تین دن میں لسٹیں جاری کرونگا، خواتین کو ٹکٹ دینا سب سے مشکل کام ہے، ہم سمجھتے ہیں اسمبلی میں ایسی خواتین آئیں جو قوانین جانتی ہوں۔

چیئرمین پی ٹی آئی نے احتجاجی کارکنوں کا شکریہ اداکرتے ہوئے کہاکہ پرامن احتجاج پر کارکنوں کا شکر گزار ہوں، احتجاج ان کا حق ہے، دریں اثناء بنی گالہ میں پانچ روز دھرنا  دیئے ہوئے ناراض کارکن چیئرمین کے خطاب کے بعد راضی ہوگئے اور دھرنا ختم کرکے اپنے اپنے گھروں کو روانہ ہوگئے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔