اسحق ڈارکے خلاف نیب ریفرنس کی سماعت آج ہوگی

سابق وزیر خزانہ سینیٹراسحق ڈار کوانٹرپول کے ذریعے وطن واپس لانے کافیصلہ کرلیاگیا ہے


Numainda Express June 27, 2018
سابق وزیر خزانہ سینیٹراسحق ڈار کوانٹرپول کے ذریعے وطن واپس لانے کافیصلہ کرلیاگیا ہے فوٹو: فائل

SHARJAH: احتساب عدالت سابق وزیرخزانہ اسحق ڈارکے خلاف آمدن سے زائد اثاثوں بارے نیب ریفرنس کی سماعت آج (بدھ کو) کرے گی۔

ذرائع کے مطابق سابق وزیر خزانہ سینیٹراسحق ڈار کوانٹرپول کے ذریعے وطن واپس لانے کافیصلہ کرلیاگیا ہے، جس کے لیے ان کے ریڈ وارنٹ جاری کرائے جائیں گے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ انٹر پول کوخط سے قبل احتساب عدالت سے اسحق ڈار کے دائمی وارنٹ حاصل کیے جائیں گے۔ یاد رہے کہ احتساب عدالت اسحق ڈار کو پہلے ہی اشتہاری قرار دے چکی ہے۔ اسحق ڈار کو اشتہاری قرار دینے کے لیے اخبارات میں اشتہار بھی دیا جائے گا۔ تمام کارروائی مکمل ہونے کے بعد نیب ریڈ وارنٹ کے اجرا کے لیے وزارت داخلہ کو خط لکھے گا۔

یاد رہے کہ 20جون کو احتساب عدالت کے جج محمد بشیرکے روبروضمنی ریفرنس کی سماعت ہوئی، ریفرنس میں نامزد ملزمان صدر نیشنل بینک سعید احمد ہجویری ٹرسٹ کے ڈائریکٹرز نعیم محمود اور منصور رضاعدالت میں پیش ہوئے تھے۔ سماعت کے دوران نامزد ملزمان ہجویری ٹرسٹ کے ڈائریکٹرزکے وکیل قاضی مصباح نے استغاثہ کے گواہ اشتیاق علی کے بیان پرجرح کی۔ کیس میں شریک ملزم نیشنل بینک کے صدر سعید احمد کی بریت کی درخواست کے حوالے سے عدالت کی جانب سے آگاہ کیا گیا کہ سعید احمد کی بریت کی درخواست پر فیصلہ محفوظ ہے جومناسب وقت پرسنادیا جائیگا، آج کی سماعت کے دوران استغاثہ کے سربراہ گواہ اشتیاق علی کے بیان پر وکیل صفائی کی جرح جاری رکھیں گے۔

مقبول خبریں