ہیٹی میں صدر کے خلاف پُرتشدد مظاہروں میں 4 افراد ہلاک، متعدد زخمی

ویب ڈیسک  پير 11 فروری 2019
مظاہرین نے صدر سے مستعفی ہونے کا مطالبہ کیا۔ فوٹو : رائٹرز

مظاہرین نے صدر سے مستعفی ہونے کا مطالبہ کیا۔ فوٹو : رائٹرز

پورٹ او پرنس: ہیٹی میں صدر جووینل موائس کے خلاف پر تشدد مظاہروں میں 4 افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے جب کہ مظاہرین نے صدر کے گھر پر بھی پتھراؤ کیا۔

بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق ہیٹی میں اپوزیشن کی جانب سے صدر موائس کے خلاف مظاہروں میں شدت آگئی ہے، مظاہرین نے صدر کی رہائش گاہ پر پتھراؤ کیا، سڑکوں پر ٹائر جلا کر ٹریفک معطل کردی اور سرکاری املاک کو نقصان پہنچایا۔

Haiti 2

پولیس کی جانب سے مشتعل مظاہرین کو منتشر کرنے کے لیے لاٹھی چارج اور ہوائی فائرنگ کی گئی، کہیں کہیں پولیس اور مظاہرین میں جھڑپوں کی بھی اطلاع ہے۔ پُر تشدد واقعات میں 4 افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے۔ مظاہرین نے صدر کے مستعفی ہونے تک احتجاج روکنے سے انکار کردیا ہے۔

Haiti 4

ہیٹی میں حکومت مخالف مظاہروں میں شدت اُس عدالتی فیصلے کے بعد آئی جس میں وزراء اور سرکاری حکام کا 2018 میں وینزویلا سے ملنے والی امداد میں خرد برد پر فرد جرم عائد کی گئی تھی۔ فنڈز کے استعمال میں بے ضابطگی میں صدر موائس بھی ملوث پائے گئے تھے۔

Haiti 3

واضح رہے کہ صدر موائس 2017 اپنے منصب پر فائز ہوئے تھے، جہاں ان کا سب سے مشکل ہدف غربت کا خاتمہ تھا تاہم صدارتی عہدہ سنبھالنے کے محض ایک سال بعد ہی وینزویلا سے پٹرول کی مد میں ملنے والی امداد میں بڑے پیمانے پر کرپشن کی گئی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔