سانحہ کوئٹہ؛ ہزارہ برادری ہماری نیت پر شک نہ کرے، شہریار آفریدی

ویب ڈیسک  پير 15 اپريل 2019
ذمہ دار افراد چاہیں جتنے طاقتور ہوں انہیں سزا ملے گی، شہریار آفریدی فوٹو:فائل

ذمہ دار افراد چاہیں جتنے طاقتور ہوں انہیں سزا ملے گی، شہریار آفریدی فوٹو:فائل

کوئٹہ: وزیر مملکت برائے داخلہ شہریار خان آفریدی نے کہا ہے کہ ہزارہ برادری ہماری نیت پر شک نہ کرے اور کوئٹہ دھماکے کے ذمہ دار افراد چاہیں جتنے طاقتور ہوں انہیں سزا ملے گی۔

وزیر مملکت برائے داخلہ شہریار خان آفریدی نے کوئٹہ میں بم دھماکے میں جاں بحق افراد کے لواحقین سے ملاقات کی۔ انہوں نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے مقتولین کے ایصال ثواب کیلئے فاتحہ خوانی کی۔

اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شہریار آفریدی نے کہا کہ غلطی کرنے والے جتنا مرضی طاقتور ہو اسےسزاملےگی، کوئی شک نہیں کہ ہزارہ برادری پر ظلم ہوا ہے، ہزارہ برادری سے استدعا ہے کہ ہماری نیت پر شک نہ کریں،  دہشتگردی میں ملوث عناصر کو کیفر کردار تک پہنچانے کیلئے ہر حد تک جائیں گے، بلوچستان کی محرومیوں کا خاتمہ وزیراعظم کا وژن ہے۔

وزیر مملکت برائے داخلہ نے کہا کہ دشمن پاکستان کو بلیک لسٹ میں لانا چاہتے ہیں اور عدم استحکام کا شکار کرکے بکھیرنا چاہتے ہیں، لیکن ہم اتفاق اور یکجہتی سے پاکستان کو غیر مستحکم کرنے والوں کو ناکام کریں گے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔