لبلبے کے کینسر کے آپریشن کے دوران سرجن کی غفلت سے مریضہ جھلس کر ہلاک

آپریشن کے دوران آتشزدگی سے مریضہ کا جسم 40 فیصد تک جھلس گیا تھا


ویب ڈیسک January 01, 2020
آپریشن کے دوران الیکٹرک اسکیپل کے استعمال کے باعث آگ بھڑک اُٹھی، فوٹو : فائل

یورپی ملک رومانیہ میں لبلبے کے کینسر کو ختم کرنے کیلیے کیئے جانے والے آپریشن کے دوران سرجن اور میڈیکل اسٹاف کی غفلت نے مریضہ کی جان لے لی۔

بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق رومانیہ کے ایک اسپتال میں لبلبے کے کینسر کی مریضہ کا علاج جاری تھا، ڈاکٹرز نے جراحی کے دوران انفیکشن سے بچاؤ کے لیے عمومی طور پر استعمال ہونے والے alcohol-based disinfectant کے بجائے بجلی سے چلنے والا جدید آلہ جراحی electric scalpel کو استعمال کیا۔

دوران آپریشن آلہ جراحی میں سے چنگاریاں نکلیں جنہوں نے آناً فاناً نے مریضہ کے جسم کو اپنی لپیٹ میں لے لیا، آپریشن تھیٹر میں موجود نرس نے 66 سالہ مریضہ پر ایک بالٹی پانی ڈالا جس سے آگ تو بجھ گئی لیکن مریضہ کا جسم 40 فیصد تک جھلس گیا، بعد ازاں مریضہ نے انتہائی نگہداشت کے وارڈ میں دوران علاج دم توڑ دیا۔

دوسری جانب اسپتال انتطامیہ کا کہنا ہے کہ یہ محض ایک حادثہ تھا، الیکٹرک اسکیپل آپریشن کے دوران استعمال ہونے والا ایک عام آلہ ہے جو برسہا برس سے طب کی دنیا میں زیر استعمال ہے تاہم لواحقین نے سرجن اور میڈیکل اسٹاف کو مریضہ کی موت کا ذمہ دار قرار دیتے ہوئے کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔

رومانیہ کے وزارت صحت نے مریضہ کی ہلاکت پر سرجن اور میڈیکل اسٹاف کیخلاف تادیبی کارروائی کے لیے ایک انکوائری کمیٹی تشکیل دے دی ہے۔ رومانیہ میں صحت کے شعبے میں مہارت، تجربے اور سہولیات کے فقدان کے باعث ایسے حادثات عام ہیں جب کہ ماہرین صحت کا کہنا ہے کہ اس کی بنیادی وجہ فنڈز کی کمی اور لاعلمی ہے۔

مقبول خبریں