وفاقی کابینہ نے کے الیکٹرک صارفین کے لیے بجلی مہنگی کرنے کا فیصلہ موخر کردیا

وزیراعظم نے کے الیکٹرک سے متعلق اجلاس جمعرات کو طلب کرلیا ہے، ذرائع


ویب ڈیسک July 14, 2020
وزیراعظم نے کے الیکٹرک سے متعلق اجلاس جمعرات کو طلب کرلیا ہے، ذرائع۔ فوٹو : فائل

وفاقی کابینہ نے گیس اور کے الیکٹرک صارفین کے لیے بجلی مہنگی کرنے کا فیصلہ موخر کردیا ہے۔

وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس ہوا جس میں کورونا وائرس کی صورتحال اور عیدالضحیٰ ایس او پیز پر بریفنگ اور وفاقی کابینہ کی جانب سے کیے گئے فیصلوں پر عملدرآمد رپورٹ پیش کی گئی، وفاقی کابینہ نے کورونا وائرس کیسز میں کمی پر اظہار اطمینان کیا جب کہ وزیراعظم نے مویشی منڈیوں میں ہر صورت ایس او پیز پر عملدرآمد کی ہدایت کی۔

ذرائع کے مطابق کابینہ میں کے الیکٹرک کے معاملے پر بھی گفتگو ہوئی، وفاقی وزیر اسد عمر اور امین الحق نے کے الیکٹرک صارفین کے لیے ٹیرف بڑھانے کی مخالفت کرتے ہوئے کہا کہ کراچی کو پہلے بجلی نہیں مل رہی، اوپر سے قیمتیں بڑھانا نامناسب ہے جس پر وزیراعظم نے کے الیکٹرک سے متعلق اجلاس جمعرات کو طلب کرلیا جب کہ کابینہ نے کے الیکٹرک صارفین کے لیے بجلی مہنگی کرنے کا فیصلہ موخر کردیا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ وفاقی وزرا نے درآمدی گیس کی مد میں 73 ارب روپے گھریلو اور کمرشل صارفین سے وصول کرنے کی بھی مخالفت کی جس پر کابینہ نے گیس صارفین پر 73 ارب روپے کا اضافی بوجھ ڈالنے کی تجویز بھی موخر کر دی۔

اجلاس میں وزیر ریلوے شیخ رشید نے ہوٹلز اور مارکیز کھولنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ ہوٹلز بند ہونے سے ان میں کام کرنے والے غریب ملازم بہت متاثر ہو رہے ہیں، ایس او پیز کے تحت ہوٹلز کھولے جائیں۔

واضح رہے کہ ای سی سی نے سہہ ماہی ایڈجسٹمنٹ کی مد میں کے الیکٹرک صارفین کے لیے بجلی ایک روپیہ 9 پیسے سے 2 روپے 89 پیسے فی یونٹ تک مہنگی کرنے اور درآمدی گیس کی مد میں 73 ارب روپے گھریلو، کمرشل صارفین سے وصول کرنے کی تجویز دی تھی۔

مقبول خبریں