سندھ میں کورونا ایس او پیز کا نیا حکم نامہ جاری

ویب ڈیسک  پير 7 جون 2021
 مزارات، سینما، تھیٹر اور تمام پارکس بند رکھے جائیں گے، محکمہ داخلہ سندھ۔ فوٹو:فائل

مزارات، سینما، تھیٹر اور تمام پارکس بند رکھے جائیں گے، محکمہ داخلہ سندھ۔ فوٹو:فائل

کراچی: محکمہ داخلہ سندھ نے کورونا ایس او پیز کا نیا حکم نامہ جاری کردیا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق گزشتہ روز وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کی زیر صدارت ٹاسک فورس کا اجلاس ہوا تھا جس میں فیصلہ کیا گیا تھا کہ صوبے بھر کے تمام کاروباری مراکز اب شام 6 کے بجائے 8 بجے تک کھلے رکھنے کی اجازت ہوگی، اس حوالے سے محکمہ داخلہ سندھ نے کورونا ایس او پیز کا باضابطہ حکم نامہ جاری کردیا ہے، جس کے تحت کورونا ہاٹ اسپاٹ علاقوں میں پابندی برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا گیاہے۔

حکم نامے کے مطابق صوبے میں تمام کاروباری مراکز رات 8 بجے تک کھولے جائیں گے، بیکریاں اور دودھ کی دکانیں رات 12 بجے تک کھولنے کی اجازت ہوگی، ریسٹورنٹ ٹیک اوے سروس رات 12 بجے تک کر سکیں گے، ریسٹورنٹ کو آؤٹ ڈور سروس کی اجازت ہوگی، کاروباری مراکز میں کام کرنے والے ملازمین کی کورونا ویکسینیشن لازمی قرار دی گئی ہے۔

حکم نامے میں کہا گیا ہے کہ صوبے میں نمائش کے لیے ایکسپو ہالز پر پابندی برقرار اور شادی ہالز بند رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، جم، انڈور گیمز پر پابندی برقرار رہے گی، کراچی میں جمعہ اور اتوار کو کاروبار بند رہے گا، مزارات، سینما، تھیٹر اور تمام پارکس بند رکھے جائیں گے، بین الصوبائی ٹرانسپورٹ ہفتہ اور اتوار کے دن بند رہے گی۔

صوبے میں کلاس 9 تا 12ویں جماعت تک تعلیمی ادارے کھولنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، سرکاری اور نجی دفاتر میں 50 فیصد عملے کو بلانے کی اجازت ہوگی، کھلی فضا میں ہونے والی شادی کی تقاریب میں 150 مہمانوں تک کی اجازت ہوگی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔