بھارت نے کھیل میں سیاست کو لاکر اپنا مکرہ چہرہ بے نقاب کیا ہے، فواد چوہدری

ویب ڈیسک  پير 2 اگست 2021
 یہ پہلا موقع نہیں کہ مودی حکومت نے کرکٹ کو اپنی مذموم سیاست کے بھینٹ چڑھایا ہو، وزیراطلاعات۔ فوٹو:فائل

یہ پہلا موقع نہیں کہ مودی حکومت نے کرکٹ کو اپنی مذموم سیاست کے بھینٹ چڑھایا ہو، وزیراطلاعات۔ فوٹو:فائل

 اسلام آباد: وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ بھارت نے کھیل میں سیاست کو لاکر ایک بار پھر اپنا مکرہ چہرہ بے نقاب کیا ہے۔ 
ایکسپریس نیوز کے مطابق چیئرمین مظفرآباد ٹائیگرز ارشد خان تنولی نے وزیر اطلاعات و نشریات فواد چوہدری سے ملاقات کی، جس میں  کشمیر پریمئر لیگ اور مظفرآباد ٹائیگرز کے حوالے سے بات چیت کی گئی، جب کہ چیئرمین مظفرآباد ٹائیگرز ارشد خان تنولی نے وزیر اطلاعات کو ٹیم کی شرٹ بھی پیش کی۔

اس موقع پر وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ بھارت نے کھیل میں سیاست کو لاکر ایک بار پھر اپنا مکرہ چہرہ بے نقاب کیا ہے، یہ پہلا موقع نہیں کہ مودی حکومت نے کرکٹ کو اپنی مذموم سیاست کے بھینٹ چڑھایا ہو۔

وزیر اطلاعات نے کہا کہ جنوبی افریقا کے کھلاڑی ہرشل گبز پر کشمیر لیگ میں حصہ نہ لینے کا دباؤ اس پرانی روش کا تسلسل ہے ہم ان اقدامات کی شدید مذمت کرتے ہیں،  کشمیر کی جدوجہد کو ایسے اقدامات سے نقصان نہیں فائدہ ہی ہو گا۔

چیئرمین مظفرآباد ٹائیگرز ارشد خان تنولی کا کہنا تھا کہ کشمیر پریمئر لیگ پر انڈیا کا ردعمل غیر مناسب ہے، بھارت کا کشمیر پریمئر لیگ پر واویلا ان کی ظالمانہ ذہنیت کی عکاسی کرتا ہے۔

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔