کراچی میں بارش سے موسم خوش گوار، سڑکوں پر پانی جمع ہوگیا

ویب ڈیسک  جمعرات 23 ستمبر 2021
بارش سے شہر میں گرمی کی شدت میں کمی واقع ہوئی اور شہریوں کے چہرے خوشی سے کھل اٹھے۔ فوٹو : فائل

بارش سے شہر میں گرمی کی شدت میں کمی واقع ہوئی اور شہریوں کے چہرے خوشی سے کھل اٹھے۔ فوٹو : فائل

 کراچی: شہر قائد میں کالی گھٹائیں چھاگئیں اور بارش سے موسم خوش گوار ہوگیا تاہم شدید بدانتظامی کے باعث سڑکیں پانی میں ڈوب گئیں۔

کراچی میں دوپہر کو دیکھتے ہی دیکھتے آسمان پر کالے بادل امڈ آئے جس کے بعد ابر رحمت برس اٹھا۔ بارش سے شہر میں گرمی کی شدت میں کمی واقع ہوئی اور شہریوں کے چہرے خوشی سے کھل اٹھے، شہر کے مضافاتی علاقوں سے شروع ہونے والا بارش کا سلسلہ وسطی علاقوں میں بھی پہنچ گیا اور کہیں ہلکی تو کہیں موسلادھار بارش ریکارڈ کی گئی۔

بارش کے بعد نکاسی آب کے مؤثر انتظامات نہ ہونے کے باعث شہر میں کئی علاقے زیر آب آگئے، سڑکوں اور گلیوں میں پانی کھڑا ہونے سے ٹریفک جام ہوگیا جس کی وجہ سے شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا، ناگن چورنگی، کارساز، فور کے چورنگی کے علاقوں میں اب بھی پانی جمع ہے۔

شہرِ قائد کے مختلف علاقوں میں بارش شروع ہوتے ہی بجلی غائب ہوگئی، متاثرہ علاقوں میں گلشنِ حدید، کھوکھراپار، میمن گوٹھ، شاہ لطیف ٹاؤن، بن قاسم، ملیر، سعود آباد، علیم آباد، غریب آباد، رزاق آباد، احسن آباد اور گلشن معمار، لیاقت مارکیٹ، معین آباد، شادمان، الفلاح، گرین ٹاؤن اور قائد آباد شامل ہیں۔ ذرائع کے الیکٹرک  کے مطابق شہر کے کئی علاقوں میں بجلی حفاظتی بنیادوں پر بند کی گئی ہے، بارش بند ہونے اور تنصیبات کے گرد سے پانی کی نکاسی ہونے پر بجلی بحال کی جائے گی۔

محکمہ موسمیات کے مطابق اب تک سب سے زیادہ بارش سُرجانی میں 70 ملی میٹر ریکارڈ کی گئی جب کہ فیصل بیس 36، ناظم آباد 18، اولڈ ٹرمینل 14.2، جناح ٹرمینل 10.2، سعدی ٹاؤن 7.7، قائدآباد 5.5، یونیورسٹی روڈ 5.2 اور گلشنِ معمار میں 3.6 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔

محکمہ موسمیات کے ارلی وارننگ سینٹر کی جانب سے متوقع مون سون بارشوں کے حوالے سے جاری نئی ایڈوائزری کے مطابق مون سون سسٹم کے اثرات مشرقی سندھ میں داخل ہوگئے ہیں، کراچی، حیدرآباد، ٹھٹھہ، نواب شاہ، جیکب آباد، شکارپور، دادو اور جامشورو میں بارشیں 25 ستمبر تک جاری رہ سکتی ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔