لاہورلائنز نے فیصل آباد وولفز کو شکست دے کر فیصل بینک ٹی 20کپ جیت لیا

لاہور لائنز نے 131 رنز کا ہدف آخری گیند پر حاصل کیا، سعد نسیم 43 رنز کے ساتھ میچ کے بہترین کھلاڑی قرار پائے۔


ویب ڈیسک February 16, 2014
اعزاز چیمہ، محمد حفیظ اور وہاب ریاض نے 2،2 وکٹیں حاصل کیں۔ فوٹو:فائل

MONTREAL: لاہور لائنز نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد فیصل آباد وولفز کو 3 وکٹوں سے شکست دے کر فیصل بینک ٹی 20کپ اپنے نام کر لیا۔

راولپنڈی اسٹیڈیم میں کھیلے گئے فیصل بینک ٹی 20کپ کے فائنل میچ کے موقع پر 25 ہزار لوگ گراؤنڈ میں موجود تھے جب کہ ہزاروں کی تعداد میں شائقین ٹکٹ نہ ملنے کی وجہ سے گراؤند کے باہر کھڑے نظر آئے۔ فیصل آباد وولفز کے کپتان مصباح الحق نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور مقررہ 20 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 130 رنز بنائے، فیصل آباد وولفز کی جانب سے اوپننگ بلے باز علی وقاص نے سب سے زیادہ 63 رنز بنائے جبکہ کپتان مصباح الحق 27، خرم شہزاد اور آصف علی نے 11،11 رنز بنائےجب کہ تین کھلاڑی عمران خالد، محمد سلمان اور محمد طلحہ بغیر کوئی رنز بنائے پویلین لوٹ گئے۔ لاہور لائنز کی جانب سے اعزاز چیمہ، محمد حفیظ اور وہاب ریاض نے 2،2 وکٹیں حاصل کیں۔

ہدف کے تعاقب میں لاہور لائنز کی جانب سے بھی مایوس کن آغاز کیا گیا اور بائیں ہاتھ سے کھیلنے والے بلے باز ناصر جمشید 20 کے مجموعی اسکور پر 14 رنز بنا کر خرم شہزاد کا شکار بن گئے، لاہور لائنز کے کپتان محمد حفیظ بھی وکٹ پر زیادہ دیر نہ ٹک سکے اور 6 رنز بنا کر اسد علی کی گیند پر وکٹ کیپر کو کیچ دے بیٹھے، اسی طرح احمد شہزاد 16 اور عمر صدیق 11 رنز بنا آؤٹ ہوئے تاہم سعد نسیم نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کیا اور اپنی ٹیم کی فتح میں کلیدی کردار ادا کیا، سعد نسیم نے قیمتی 43 رنز بنائے۔ لاہور لائنز نے 131 رنز کا ہدف 7 وکٹوں کے نقصان پر آخری گیند پر حاصل کیا۔ شاندار کھیل پیش کرنے والے سعد نسیم کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

مقبول خبریں