وزیراعظم اور محمد بن سلمان کا پاک سعودی تعلقات نئی بلندیوں تک لیجانے کا عزم

ویب ڈیسک  بدھ 26 اکتوبر 2022
ملاقات میں مختلف شعبوں میں تعاون کے لیے عملی اقدامات کا آغاز کرنے پر اتفاق کیا گیا (فوٹو ٹوئٹر)

ملاقات میں مختلف شعبوں میں تعاون کے لیے عملی اقدامات کا آغاز کرنے پر اتفاق کیا گیا (فوٹو ٹوئٹر)

ریاض / مکہ مکرمہ: وزیراعظم شہباز شریف نے سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان سے ملاقات کی، جس میں دونوں رہنماؤں نے دوطرفہ تعلقات کو نئی بلندیوں پر پہنچانے کے عزم کا اظہار کیا۔

سعودی ولی عہد نے پاکستان کی ہرممکن مدد جاری رکھنے کی یقین دہانی کرواتے ہوئے جلد دورۂ پاکستان کا اعلان کیا، جس میں دونوں ممالک کے مابین تعلقات مزید مضبوط کرنے اور مختلف شعبوں میں تعاون کے لیے عملی اقدامات کا آغاز کرنے پر اتفاق کیا گیا۔ شہزادہ محمد بن سلمان اس موقع پر کہا کہ سعودی عرب معیشت سمیت پاکستان کے ساتھ مختلف شعبوں میں تعاون کے لیے پرعزم ہے۔

یہ بھی پڑھیں: وزیراعظم کی سعودی ولی عہد سے ملاقات

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کے ساتھ شاندار ملاقات ہوئی۔ ہم نے بدلتی ہوئی دنیا کے تقاضوں کے مطابق پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان دوطرفہ تعلقات اور برادرانہ تعلقات کو نئی بلندیوں تک بڑھانے اور بڑھانے پر اتفاق کیا۔ انہوں نے کہا کہ میں نے شہزادہ محمد بن سلمان کو بتایا ہے کہ پاکستان کے لوگ آپ کے دورے کے بے صبری سے منتظر ہیں۔

دریں اثنا ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان خود گاڑی ڈرائیو کرکے مہمان وزیراعظم کو عشائیے کے لیے فارم ہاؤس پر لے کر گئے۔ وزیراعظم شہباز شریف ان کے ہمراہ گاڑی میں سوار تھے۔ شاہی فارم ہاؤس پر ’’ڈیووس ان ڈیزرٹ‘‘ عالمی سربراہی کانفرنس کے شرکا کے لیے عشائیے کا اہتمام کیا گیا تھا۔

بعد ازاں وزیراعظم شہباز شریف وفد کے ہمراہ مکہ مکرمہ پہنچے جہاں انہوں نے مسجد الحرام میں عمرہ ادا کیا۔ اس موقع پر وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار، وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب، وزیر دفاع خواجہ آصف اور دیگر بھی ان کے ہمراہ تھے۔

وزیراعظم کے عمرہ کے موقع پر سکیورٹی کے روایتی سخت انتظامات کیے گئے تھے۔عمرہ ادائیگی کے بعد وزیراعظم نے ملک میں قیام امن، ترقی اور خوش حالی کے لیے دعائیں کیں۔اس سے پہلے جدہ پہنچنے پر گورنر شہزادہ سعود بن عبداللہ بن جوالی نے ائرپورٹ پر وزیراعظم شہباز شریف کا پرتپاک استقبال کیا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔