ایکسپریس نیوز پشاور کے بیورو چیف کے گھر کے باہر دھماکا گاڑی اور گھرکو نقصان

جمشید باغوان کو شرپسندوں کی جانب سے تیسری بار نشانہ بنایا گیا ہے، دھماکے سے اہل علاقہ کے گھروں کے بھی شیشے ٹوٹ گئے


ویب ڈیسک July 02, 2014
بم دیسی ساختہ تھا جس میں ایک کلو بارودی مواد استعمال کیا گیا، بم ڈسپوزل اسکواڈ فوٹو؛ ایکسپریس نیوز

پشاور میں ایکسپریس نیوز کے بیورو چیف کے گھر کے باہر دھماکا ہوا تاہم دھماکے میں جمشید باغوان اور ان کے اہلخانہ محفوظ رہے۔


ایکسپریس نیوز کے مطابق بیوروچیف ایکسپریس نیوز پشاور جمشید باغوان کےگھر کے باہر نامعلوم ملزمان بم پھینک کر فرار ہوگئے جس کے پھٹنےسے مرکزی دروازہ مکمل طور پر تباہ جبکہ گیرج میں کھڑی گاڑی کو نقصان پہنچا تاہم دھماکے میں خوش قسمتی سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ دھماکے کی شدت کے باعث کھڑکیوں کے تمام شیشے ٹوٹ گئے جبکہ بیٹھک کو بھی شدید نقصان پہنچا۔


ایکسپریس نیوز پشاور کے بیوروچیف جمشید باغوان کو شرپسندوں کی جانب سے تیسری بار نشانہ بنایا گیا ہے جبکہ ابتدائی اطلاعات کے مطابق شرپسندوں نے بم دوودھ کے ڈبے میں ڈال کر گھر کے باہر رکھا جبکہ بم ڈسپوزل اسکواڈ کا کہنا ہے کہ بم دیسی ساختہ تھا جس میں ایک کلو بارودی مواد استعمال کیا گیا۔ جمشید باغوان کا کہنا ہے کہ انہیں اس سے قبل کبھی کوئی دھمکی نہیں ملی تاہم تیسری بار شرپسندوں کی جانب سے حملہ کیا گیا جبکہ پولیس نے اس سے قبل حملوں کا مقدمہ درج کرتے ہوئے بعض افراد کی گرفتاری کا بھی بتایا تھا تاہم اس کے باوجود حملے تسلسل سے جاری ہیں۔

مقبول خبریں