ایران کی مسلح افواج کے چیف آف جنرل اسٹاف میجر جنرل سید عبدالرحیم موسوی نے اسرائیل کے خلاف جلد بڑی کارروائی کی پیشگوئی کرتے ہوئے اسرائیلی عوام کو فوری طور پر تل ابیب اور حیفا چھوڑنے کی وارننگ جاری کردی ہے۔
اپنے ویڈیو پیغام میں میجر جنرل سید عبدالرحیم موسوی نے کہا کہ اب تک ایران کی جانب سے کی گئی کارروائی محض ایک انتباہ تھی، اصل اور فیصلہ کن کارروائی ابھی باقی ہے جو جلد عمل میں لائی جائے گی۔
انہوں نے اسرائیلی شہریوں کو متنبہ کیا کہ وہ اپنی جان بچانے کے لیے فوراً حیفا اور تل ابیب شہروں کو خالی کردیں کیونکہ عنقریب ان علاقوں میں بڑی کارروائی کی جائے گی۔
میجر جنرل موسوی نے زور دیا کہ ایرانی قوم، مسلح افواج کی قیادت میں شہداء کے خون کا بدلہ ضرور لے گی اور اسرائیل کو اس کے جرائم کی سزا دی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ ایران کبھی کسی جارحیت کے سامنے نہیں جھکا اور نہ جھکے گا اور اسرائیلی حکومت اپنے جرائم کا انجام ضرور دیکھے گی۔
ایرانی اعلیٰ عسکری قیادت کی جانب سے یہ بیان اسرائیل کے ساتھ جاری کشیدگی کے پس منظر میں سامنے آیا ہے جس سے خطے میں ممکنہ نئی جنگ کے خطرات مزید بڑھ گئے ہیں۔
واضح رہے کہ 13 جون سے اب تک ایران اپنے دفاع میں اسرائیل پر کئی میزائل داغ چکا ہے جس کے نتیجے میں 14 اسرائیلی ہلاک اور سیکڑوں زخمی ہوگئے ہیں جبکہ ایرانی فوج کے اہم کمانڈرز اور چیف سمیت 224 سے زائد شہری اسرائیلی حملوں کا نشانہ بن کر شہید ہوچکے ہیں۔