پاک فوج کا سیلاب سے متاثرہ دربار صاحب کرتارپور میں بحالی کا کام جاری

فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی خصوصی ہدایات پر دربار صاحب کرتارپور کی بحالی کا کام شروع کیا گیا


ویب ڈیسک September 02, 2025

نارووال:

پاک فوج اور سول انتظامیہ کی جانب سے سیلاب سے متاثرہ دربار صاحب کرتارپور میں بحالی کا کام جاری ہے۔

سیلاب کے دوران دربار صاحب کرتارپور کو شدید نقصان پہنچا تھا، فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے دربار صاحب کرتارپور کے دورے کے دوران جلد مکمل بحالی کی یقین دہانی کروائی تھی۔

فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی خصوصی ہدایات پر دربار صاحب کرتارپور کی بحالی کا کام شروع کیا گیا۔

پاک فوج اور سول انتظامیہ کی جانب سے دربار صاحب کرتارپور میں پانی کی فوری نکاسی کی گئی، دربار صاحب کرتارپور میں پانی کی نکاسی کے بعد صفائی کے عمل تیزی سے مکمل کیا جا رہا ہے۔

دربار صاحب کرتارپور کی انتظامیہ اور سکھ برادری نے پاک فوج اور سول انتظامیہ کی بروقت کارروائی پر  خراج تحسین پیش کیا۔

دیگر شہروں میں امدادی کارروائیاں

دوسری جانب، پاک فوج کی سیالکوٹ، نارروال، ظفروال اور وزیرآباد سمیت مختلف علاقوں میں امدادی کارروائیاں جاری ہیں۔

سیالکوٹ میں سیلاب متاثرین کے لیے راشن کی تقسیم اور فری میڈیکل کیمپس کا انعقاد کیا گیا۔ پاک فوج کی جانب سے میڈیکل کیمپ میں 108 مرد، 126 خواتین اور 98 بچوں کا مفت علاج کیا گیا۔

نارووال اور ظفروال میں بھی سیلاب متاثرین کے لیے پاک فوج کے فری میڈیکل کیمپ کا انعقاد کیا گیا جہاں 78مرد، 108 خواتین اور 84 بچوں سمیت 270 مریضوں کا مفت طبی معائنہ ہوا اور ادویات فراہم کی گئیں۔

پاک فوج نے وزیر آباد اور گردونواح کے سیلاب متاثرہ علاقوں کے لیے بھی میڈیکل کیمپ کا انعقاد کیا۔ وزیر آباد میں بچوں اور خواتین سمیت کل 270 مریضوں کا علاج کیا گیا اور ادویات فراہم کی گئیں۔

پتوکی، بہرام، تاہلی والا اور رام گڑھ میں بھی سیلاب متاثرین کے لیے امدادی کیمپ قائم کیے گئے۔ مانگا منڈی کے قریب سیلابی پانی میں لاپتا 3 افراد کو بچانے کے لیے پاک فوج کا فوری ریسکیو آپریشن کیا گیا۔

پاک فوج کی جانب سے مظفرگڑھ اور دوآبہ میں ممکنہ سیلاب سے نمٹنے کے لیے حکمتِ عملی مرتب دی گئی۔ دوآبہ (دریائے چناب) بریچنگ سائٹ اور دیگر مقامات پر سیلاب سے بچاؤ کے انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔

پاک فوج نے سول انتظامیہ کے ساتھ مشترکہ ریلیف ٹیموں کی عملی تربیت اور ہنگامی انخلاء کے انتظامات کا معائنہ کیا۔

پاک فوج اور سول انتظامیہ کا سیلاب جیسی قدرتی آفت میں عوام کے تحفظ اور بروقت امداد کا عزم ہے، مشکل کی ہر گھڑی میں پاک فوج اپنے عوام کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔

مقبول خبریں