سی ٹی ڈی اور سول ڈیفنس کی بروقت کارروائی سے بہاولنگر بڑی تباہی سے بچ گیا

زیرِ حراست ملزم کی نشاندہی پر بہاولنگر کے علاقے چک حافظ والا میں کارروائی، سی ٹی ڈی


ویب ڈیسک September 05, 2025

بہاولنگر:

بہاولنگر ایک بڑی تباہی سے بال بال بچ گیا، جہاں سی ٹی ڈی (کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ) اور سول ڈیفنس نے مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے دہشت گردی کا ایک بڑا منصوبہ ناکام بنا دیا۔

حساس اداروں کی بروقت کارروائی سے شہر میں ممکنہ ہولناک دھماکے کو قبل از وقت ناکارہ بنا دیا گیا۔

سی ٹی ڈی نے زیرِ حراست ملزم کی نشاندہی پر بہاولنگر کے علاقے چک حافظ والا میں کارروائی کی، جہاں سے ایک مشکوک بیگ برآمد ہوا۔

سول ڈیفنس کی بم ڈسپوزل ٹیم کو فوری طور پر طلب کیا گیا، جس نے احتیاطی تدابیر اختیار کرتے ہوئے بیگ میں موجود دھماکہ خیز مواد (IED) کو موقع پر ہی ناکارہ بنا دیا۔

بیگ سے برآمد کیے گئے سامان میں 3.120 کلو گرام دھماکا خیز مواد پر مشتمل آئرن سلنڈر، 408 گرام اضافی دھماکا خیز مواد، 510 بال بیئرنگ، 9 وولٹ کی خشک بیٹری، الیکٹرک وائرز اور ایک عدد الیکٹرک ڈیٹونیٹر شامل تھا۔

یہ تمام اجزاء مل کر ایک تباہ کن دھماکہ خیز ڈیوائس کا حصہ تھے جسے کسی مصروف مقام پر استعمال کیے جانے کا خدشہ تھا۔

مقبول خبریں