ملتان:
شجاع آباد میں موضع دھوندو والا بند تیسری بار بھی ٹوٹ گیا جس کے باعث شہر کے گردونواح میں ہنگامی صورت حال نافذ کر دی گئی، دریا کا پانی شہر کے قریب پہنچ گیا۔
ضلعی انتظامیہ اور پولیس کی طرف سے بستیاں خالی کرنے کے اعلانات کیے جا رہے ہیں جبکہ ریسکیو و دیگر ٹیموں نے لوگوں کا انخلاء شروع کر دیا۔
دریا کے پانی اور شہر کے درمیان بائی پاس روڈ پر تیزی سے عارضی بند بنایا جا رہا ہے، ملتان اور شجاع آباد کی تمام مشینری شہر کو بچانے کے لئے لگا دی گئی۔ دیہاتیوں نے اپنی مدد آپ کے تحت بستیاں خالی کرنا شروع کر دیں۔
ذرائع کے مطابق بند ٹوٹنے کی صورت میں بستی مٹھو، بستی ماہڑے، بستی دھوندو، بستی سومن، بستی بنگالا اور نئی بستی براہِ راست متاثر ہو رہی ہیں۔ ان علاقوں میں پانی داخل ہونے کی صورت میں کسانوں کی فصلیں، مال مویشی اور رہائش گاہیں خطرے میں پڑ سکتی ہیں۔
دوسری جانب، جلال پور پیر والا کے نواحی علاقے میں نوراجہ بھٹہ کا عوامی بند بھی ٹوٹ گیا، سیلابی پانی تیزی کے ساتھ اگلی بستیوں کی جانب گامزن ہے جس سے شدید نقصانات کا خدشہ ہے۔
نوراجہ بھٹہ کا عوامی بند ٹوٹنے سے سیلابی پانی کا جلال پور شہر پر بھی دباؤ بڑھے گا، گیلانی روڈ پر لگائے شگاف اور نوراجہ بھٹہ کے سیلابی پانی سے مشرقی سائیڈ پر اونچے درجے کا سیلاب متوقع ہے۔
پانی کے شدید بہاؤ کے باعث لودھراں، بہاولپور روڈ کو وہاڑی پلی کے قریب بند کر دیا۔