اسلام آباد:
26 ویں آئینی ترمیم کیخلاف درخواستوں پر فل کورٹ تشکیل دینے کی استدعا پر اعتراضات کو چیلنج کردیا گیا۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق 26 ویں آئینی ترمیم کے خلاف درخواستوں پر فل کورٹ تشکیل دینے کے معاملے میں مصطفی نواز کھوکھر نے رجسٹرار آفس کے اعتراضات کے خلاف سپریم کورٹ میں چیمبر اپیل دائر کردی۔
درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ رجسٹرار آفس کا 19 ستمبر کا فیصلہ کالعدم قرار دیا جائے۔ اپیل میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ آئینی ترمیم کا کیس آئینی بینچ نہیں صرف فل کورٹ سن سکتی ہے۔
اپیل میں مزید کہا گیا ہے کہ جسٹس منصور اور جسٹس منیب کا فل کورٹ کے سامنے کیس لگانے کا فیصلہ برقرار ہے۔ رجسٹرار کا درخواست واپس کرنا ماضی کے سپریم کورٹ کے فیصلوں کی خلاف ورزی ہے۔ رجسٹرار کا یہ عمل انصاف کے دروازے بند کرنے کے مترادف ہے۔