پنجاب کے ضلع سرگودھا میں پولیس موبائل ٹرین کی زد میں آگئی جس کے نتیجے میں 2 اہلکار شہید اور 3 زخمی ہوگئے۔
رپورٹ کے مطابق پولیس ترجمان نے بتایا کہ ایس پی یو اہلکار معمول کے گشت پر تھے کہ موبائل ٹرین کی زد میں آگئی جس کے نتیجے میں 2 اہلکار شہید اور 3 زخمی ہوگئے۔
ترجمان کے مطابق آئی جی پنجاب ڈاکٹرعثمان انور نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے ڈی آئی جی ایس پی یو سے رپورٹ طلب کرلی۔
آئی جی پنجاب نے فرض کی راہ میں شہید پولیس جوانوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب پولیس شہدا کے اہلخانہ کو تنہا نہیں چھوڑے گی۔
ڈی آئی جی طیب حفیظ چیمہ نے جنرل اسپتال لاہور میں سرگودھا حادثے میں زخمی ہیڈ کانسٹیبل محمد اویس کی عیادت کی، ایس ایس پی ایڈمن ضیاءاللہ سمیت پنجاب پولیس کے افسران بھی اس موقع پر موجود تھے۔
ڈی آئی جی طیب حفیظ چیمہ نے کہا کہ زخمی پولیس اہلکاروں کو علاج کی جدید اور بہترین سہولیات بلا تعطل فراہم کی جائیں، اہلکاروں کی جلد صحتیابی کے لیے ہر ممکن اقدامات یقینی بنائے جائیں۔
ڈی آئی جی ایس پی یو نے کہا کہ اہلکاروں کی ویلفیئر، تحفظ اور نگہداشت ہماری اولین ترجیح ہے، محکمہ اپنے جوانوں کو کبھی تنہا نہیں چھوڑتا۔