پاکستانی نوجوان کا نام گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈ میں شامل

عرفان محسود نے ایک منٹ میں ایک ٹانگ سے سب سے زیادہ کک لگا کر گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈ میں اپنا نام لکھوا لیا۔


ویب ڈیسک October 09, 2016
عرفان محسود نے ایک منٹ میں ایک ٹانگ سے سب سے زیادہ کک لگا کر گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈ میں اپنا نام لکھوا لیا۔ فوٹو: تصویر بشکریہ فیس بک عرفان محسود پیج

پاکستان کے قابل فخر سپوت عرفان محسود ایک جانب ایم فل کے طالبعلم ہیں تو اپنے گھر سے دور ایک دوسرے شہر میں رہائش پذیر ہیں لیکن حال ہی میں انہوں نے ایک منٹ میں ایک ٹانگ سے سب سے زیادہ کِک لگانے کا عالمی اعزاز اپنے نام کرلیا۔

محمد عرفان محسود نے احمد امین بودلہ کا وہ ریکارڈ توڑ دیا ہے جس میں انہوں نے ایک ٹانگ سے ایک منٹ میں لگاتار فل کانٹیکٹ ککس لگائی ہیں۔ گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈ نے گزشتہ جمعرات کو عرفان محسود کے اس ریکارڈ کی تصدیق کی ہے۔



26 سالہ عرفان کا تعلق وزیرستان کی تحصیل لدھا سے ہے اور انہوں نے ایک منٹ میں 87 ککس لگائیں جبکہ اس سے قبل پاکستان کے ہی احمد امین بودلہ نے اس دوران 79 ککس لگائی تھیں جو اس وقت کا ورلڈ ریکارڈ تھا۔



محسود نے اس سال جولائی میں ڈیرہ اسماعیل خان کے علاقے میں اس ریکارڈ کا عملی مظاہرہ کیا تھا اور اب تک وہ گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈ کی جانب سے تصدیق کے منتظر تھے۔ اس موقع پر محمد عرفان محسود نے ایکسپریس سے فون پر بات کرتے ہوئے کہا کہ میں گنیز بک کی جانب سے اعزاز ملنے پر بہت خوش ہوں لیکن میں نے دیگر ریکارڈز بھی بنائے ہیں۔ ان چھ ریکارڈز کی تصدیق کے متعلق اس سال 13 اکتوبر تک جواب موصول ہوجائے گا۔



محسود نے کہا کہ مجھے بچپن سے ہی مارشل آرٹ کا جنون تھا اور 2005 میں میٹرک کے بعد میں نے باقاعدہ تربیت شروع کردی تھی جب کہ ماہِ رمضان میں بھی روزے کی حالت میں ہونے کے باوجود اپنی ٹریننگ اور ورزش نہیں چھوڑی۔ ان کا کہنا تھا کہ میں پاکستان اور وزیرستان کے لوگوں کا مثبت اور بہتر تصویر دنیا کو دکھانا چاہتا ہوں، ہم دہشتگرد نہیں بلکہ ہم تعلیم اور کھیل دونوں میں مہارت رکھتے ہیں۔



 

عرفان محسود وزیرستان میں دہشت گردوں کوتباہ کرنے کے لیے فوجی کارروائیوں کے بعد 2009 میں وہ اپنا علاقہ چھوڑ کر ڈیرہ اسماعیل خان آگئے تھے اور اب تک آئی ڈی پی یعنی اندرونِ ملک پناہ گزین ہیں۔ دوسری جانب وہ گومل یونیورسٹی میں ایم فل کے طالبعلم بھی ہیں۔



عرفان نے بتایا کہ ڈیرہ اسماعیل خان اور وزیرستان کے نوجوان مارشل آرٹس میں دلچسپی رکھتے ہیں اور کھیلوں میں اپنا نام بتانا چاہتے ہیں تاہم حکومتی عدم توجہی ایک بہت بڑا چیلنج بنا ہوا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ میں احمد حسین سے متاثر ہوں جنہوں نے 2011 میں ایک منٹ میں 190 ککس لگانے کا عالمی ریکارڈ قائم کیا تھا۔

واضح رہے کہ محمد عرفان محسود کے پاس 12 ملکی ریکارڈ بھی ہیں جن میں انہوں نے ایک کلو وزن اٹھا کر 10 سیکنڈ میں زیادہ سے زیادہ پنچ لگانے، انگوٹھوں کے بل پر پش اپس، اور ایک ہاتھ سے فل کانٹیکٹ پنچ شامل ہیں۔

مقبول خبریں