بھارتی قومی ترانے پر کھڑا نہ ہونے پر 3 کشمیری طلبہ گرفتار

ویب ڈیسک  پير 21 اگست 2017
کشمیری نوجوان حیدرآباد کے کالج میں انجینئرنگ کے طالب علم اور ہاسٹل میں مقیم ہیں۔ فوٹو: فائل

کشمیری نوجوان حیدرآباد کے کالج میں انجینئرنگ کے طالب علم اور ہاسٹل میں مقیم ہیں۔ فوٹو: فائل

حیدرآباد دکن: بھارتی ریاست تلنگانہ کے سینما گھر میں قومی ترانے کے احترام میں کھڑا نہ ہونے پر 3 کشمیریوں کو گرفتار کرکے مقدمہ درج کرلیا گیا۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق تلنگانہ کے دارالحکومت حیدرآباد کے سینما میں فلم شروع ہونے سے قبل اسکرین پر بجائے جانے والے قومی ترانے پر کھڑے نہ ہونے کی وجہ سے پولیس نے تین کشمیری نوجوانوں جمیل گل، عمر فیض اور مدبر شبیر کو گرفتار کرکے مقدمہ درج کرلیا، تاہم انہیں ضمانت پر رہا کردیا گیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: بھارتی علماء نے یوم آزادی پر قومی ترانہ پڑھنے سے انکار کردیا

پولیس کے مطابق مذکورہ تینوں نوجوانوں کے خلاف قومی ترانے کی توہین کے الزام میں مقدمہ درج کیا گیا۔ سینما میں ایک اعلیٰ پولیس افسر موجود تھا جس نے پولیس کو اس بارے میں بتا کر طلبہ کو گرفتار کروایا۔ یہ تینوں نوجوان مقامی کالج میں انجینئرنگ کے طالب علم اور ہاسٹل میں مقیم ہیں۔

یہ بھی پڑھیے: بھارت میں انتہا پسند ہندوؤں کا ترانہ لازمی قرار

واضح رہے کہ بھارتی سینما میں فلم سے قبل قومی ترانہ بجانا لازمی قرار دے دیا گیا ہے اور اس دوران کھڑے نہ ہونے والے افراد کے خلاف کارروائی کے لیے سخت قانون بنایا گیا ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔