بالی ووڈ اداکارہ سونالی باندرے کینسر کے مرض میں مبتلا

ویب ڈیسک  بدھ 4 جولائی 2018
میرےگھروالے اور قریبی دوست اس وقت  میری سپورٹ کے لیے میرے ساتھ ہیں سونالی باندرے فوٹوفائل

میرےگھروالے اور قریبی دوست اس وقت میری سپورٹ کے لیے میرے ساتھ ہیں سونالی باندرے فوٹوفائل

ممبئی: نامور بالی ووڈ اداکارہ سونالی باندرے کو کینسر جیسے موذی مرض کی تشخیص ہوئی ہے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق اداکارہ سونالی باندرے نے ٹوئٹر پر انکشاف کرتے ہوئے کہا ہے کہ انہیں کینسر جیسے موذی مرض کی تشخیص ہوئی ہے۔ انہوں نے یہ روح فرسا خبرٹوئٹر پر ایک پوسٹ شیئر کرکے سنائی۔ انہوں نے لکھا جب آپ زندگی سے کچھ زیادہ کی توقع نہیں رکھتے تو وہ آپ کو کسی گیند کی طرح گھمادیتی ہے۔ مجھے حال ہی میں ’’ہائی گریڈ کینسر‘‘کی تشخیص ہوئی ہے۔ جس میں جسم کےعضلات  صحیح کام نہیں کرتے جب کہ یہ کینسر جسم میں زیادہ تیزی سے پھیلتا ہے۔

سونالی باندرے نے لکھا میرے جسم میں درد ہوا جس کے کچھ ٹیسٹ کروائے گئے جس کے بعد مجھے کینسر کا مرض تشخیص ہوا جو میرے لیے بہت ہی غیر متوقع تھا۔ میرے گھر والے اور قریبی دوست اس وقت  میری مدد کے لیے میرے ساتھ ہیں، مجھ پر خدا کی بہت مہربانیاں ہیں، میں اپنے گھر والوں کی بہت شکرگزار ہوں۔

اس خبرکوبھی پڑھیں: عرفان خان آنتوں کے کینسر میں مبتلا

سونالی نےاپنی بیماری کے حوالے سے بات کرتے ہوئے کہا کہ اس بیماری سے نمٹنے کا صرف ایک ہی طریقہ ہے کہ اس کے خلاف فوراً ایکشن لیا جائے، لہٰذا اپنے ڈاکٹرز کے مشورے کے مطابق میں علاج کے لیے نیویارک میں موجود ہوں۔ میں اپنی بیماری کے ہر مرحلے پر لڑوں گی۔ پچھلے چند دنوں میں مجھے بہت سارا پیار ملا ہے جس کے لیے میں بہت شکرگزار ہوں، اس جنگ میں میری طاقت میرے گھروالے اور دوست ہیں جو ہمیشہ میرے پیچھے کھڑے ہیں۔

واضح رہے کہ سونالی باندرے کا شمار بالی ووڈ کی صف اول کی اداکاراؤں میں ہوتا ہے انہوں نے فلم’’ہم ساتھ ساتھ ہیں‘‘، ’’سرفروش‘‘، ’’کل ہونا ہو‘‘، ’’دل جلے‘‘سمیت متعدد کامیاب فلموں میں اداکاری کے جوہر دکھائے ہیں۔

یاد رہے کہ بالی ووڈ کے ورسٹائل اداکارعرفان خان بھی کینسر جیسے موذی مرض میں مبتلا ہیں اوران دنوں علاج کے لیے فیملی کے ہمراہ لندن میں موجود ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔